*لاہوریوں کے لیے بڑی خوشخبری، پہلے سرفیس واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کے پی سی ون کی منظوری*

لاہوریوں کے لیے خوش آئند پیش رفت کے طور پر صوبائی دارالحکومت کے پہلے سرفیس واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کے پی سی ون کی منظوری دے دی گئی ہے۔ سیکرٹری ہاؤسنگ پنجاب نورالامین مینگل کی زیر صدارت منعقدہ اہم جائزہ اجلاس میں منصوبے پر ہونے والی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ایم ڈی واسا لاہور غفران احمد نے منصوبے سے متعلق اب تک کی پیش رفت پر بریفنگ دی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ سنٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی (CDWP) نے منصوبے کے پی سی ون کی منظوری دے دی ہے جبکہ اگلے مرحلے میں منصوبے کو ایکنک (ECNEC) سے منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا۔ سیکرٹری ہاؤسنگ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ منظوری کے باقی تمام مراحل جلد از جلد مکمل کیے جائیں تاکہ منصوبے پر عملی کام بروقت شروع کیا جا سکے۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ تقریباً 31 ارب روپے مالیت کا یہ منصوبہ بی آر بی نہر پر قائم کیا جائے گا، جہاں 54 ملین گیلن یومیہ استعداد کا جدید سرفیس واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ تعمیر کیا جائے گا۔ منصوبے کے تحت شادی پورہ، فتح گڑھ، مغلپورہ اور باغبانپورہ سمیت لاہور کے مشرقی علاقوں کو مرحلہ وار سرفیس واٹر کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ یہ منصوبہ ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک (AIIB) کے تعاون سے مکمل کیا جائے گا۔سیکرٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق لاہور میں پہلی مرتبہ سرفیس واٹر کو متبادل آبی ذریعہ بنایا جا رہا ہے، جو شہر کے آبی وسائل کے تحفظ کی جانب ایک تاریخی اقدام ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ زیرِ زمین پانی پر انحصار کم کرنے کے ساتھ ساتھ سالانہ 3 سے 5 فٹ گرنے والی زیرِ زمین پانی کی سطح کو مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی قیادت میں لاہور کے دیرینہ آبی مسائل کے مستقل حل کی جانب اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ جدید سرفیس واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ نہ صرف شہریوں کو محفوظ اور پائیدار آبی وسائل فراہم کرے گا بلکہ آئندہ نسلوں کے لیے بھی پانی کے تحفظ کی ضمانت ثابت ہوگا۔ حکومت پنجاب جدید انفراسٹرکچر اور پائیدار ترقی کے ذریعے شہریوں کو عالمی معیار کی بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

جواب دیں

Back to top button