سیکرٹری بلدیات زید بن مقصود کا دورہ شیخوپورہ،مریدکے اسٹورم واٹر ڈرین کو30اگست،کوٹ عبد المالک ڈرین کو 30 ستمبر تک مکمل کیا جائے،ہدایت

سیکرٹری لوکل گورنمنٹ پنجاب زید بن مقصود نے کمشنر لاہور ڈویژن نعمان یوسف اور ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ رانا عدیل کے ہمراہ شیخوپورہ کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت مریدکے، فیروزوالا اور کوٹ عبد المالک میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت کا موقع پر جائزہ لیا گیا۔سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب ترقیاتی پروگرام کے تحت ضلع شیخوپورہ میں 17 ارب روپے کے منصوبے جاری ہیں۔ مریدکے میں مین انڈر گراؤنڈ واٹر سٹوریج ٹینک کا سول ورک مکمل ہو چکا ہے جبکہ پمپنگ مشینری کی خریداری کا مرحلہ باقی ہے۔ 370 رننگ فٹ اسٹورم واٹر ڈرین پر بارش کے باعث عارضی تعطل کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی

۔کوٹ عبد المالک میں اسٹورم واٹر ڈرین پر 3200 رننگ فٹ کام مکمل کیا جا چکا ہے، جبکہ فیروزوالا میں ایک ڈسپوزل سٹیشن پر کام شروع کر دیا گیا ہے۔ بارش کے باعث متاثرہ کام کی صورتحال اور منصوبوں کی مقررہ مدت میں تکمیل کے لیے آئندہ کے لائحہ عمل پر بھی غور کیا گیا۔زید بن مقصود نے مریدکے اسٹورم واٹر ڈرین کو 30 اگست جبکہ کوٹ عبد المالک ڈرین کو 30 ستمبر تک مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے بارش کے باعث متاثرہ کام جلد بحال کرنے اور منصوبوں کی رفتار برقرار رکھنے پر زور دیا۔سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نے کہا کہ پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے منصوبے مکمل ہونے سے بارش کے پانی کے دیرپا انتظام اور شہری نکاسی آب کے نظام میں بہتری آئے گی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت کے مطابق منصوبوں میں معیار اور رفتار دونوں یقینی بنائی جائیں۔زید بن مقصود نے ترقیاتی سائٹس پر سیفٹی پروٹوکولز پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ منصوبوں کی تکمیل کے ساتھ شہریوں اور ورکرز کی حفاظت کو بھی ہر صورت یقینی بنایا جائے۔

جواب دیں

Back to top button