وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ کا شاہراہِ بھٹو، کورنگی کاز وے بریج اور کورنگی نمبر 5 فلائی اوور کا دورہ

وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے شاہراہِ بھٹو، کورنگی کاز وے بریج اور کورنگی نمبر 5 فلائی اوور سمیت مختلف ترقیاتی منصوبوں کا دورہ کیا اور جاری تعمیراتی کاموں کی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا، اس موقع پر ایڈیشنل چیف سیکریٹری ڈاکٹر وسیم شمشاد اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ وزیر بلدیات کو مختلف منصوبوں پر جاری کام، پیش رفت اور تکمیل سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ ناصر حسین شاہ نے شاہراہِ بھٹو کے اطراف سڑکوں کی تزئین و آرائش اور ترقیاتی کام جلد مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ شاہراہِ بھٹو سے ملحقہ سڑکوں کے ترقیاتی کاموں میں مزید تیزی لائی جائے۔ انہوں نے شاہراہِ بھٹو سے ڈی ایچ اے کو ملانے والے لوپ اور عائشہ مسجد تک جانے والی رابطہ سڑک کا بھی معائنہ کیا اور ہدایت کی کہ ڈی ایچ اے سے عائشہ مسجد تک شاہراہِ بھٹو کے لوپ کے ترقیاتی کام جلد مکمل کیے جائیں۔ ناصر حسین شاہ نے کہا کہ شاہراہِ بھٹو سے ڈی ایچ اے اور عائشہ مسجد تک رابطہ سڑک شہریوں کے لیے اہم سفری سہولت ہے، اس لیے منصوبے کی بروقت تکمیل یقینی بنائی جائے۔ وزیر بلدیات سندھ نے کورنگی نمبر 5 فلائی اوور کے تعمیراتی کام کا بھی جائزہ لیا اور کہا کہ فلائی اوور کا تعمیراتی کام آخری مراحل میں داخل ہوچکا ہے، اسے جلد عوام کے لیے کھول دیا جائے گا، جس سے کورنگی کے شہریوں کو آمدورفت میں نمایاں سہولت ملے گی۔ اس موقع پر کورنگی کاز وے بریج کے ترقیاتی کاموں کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا جبکہ وزیر بلدیات نے روڈ 12000، روڈ 13000، روڈ 20000 اور ملحقہ سروس روڈ کی تعمیراتی پیش رفت کا معائنہ کیا۔ ناصر حسین شاہ نے افسران کو ہدایت کی کہ کراچی کے اہم روڈ انفراسٹرکچر منصوبوں کو جلد مکمل کیا جائے اور ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میں غیر ضروری تاخیر ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ منصوبوں کو مقررہ مدت سے پہلے مکمل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایت پر ادھورے ترقیاتی منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جا رہا ہے اور کسی بھی ترقیاتی منصوبے کو ادھورا نہیں چھوڑا جائے گا۔ وزیر بلدیات نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے وژن کے مطابق کراچی کی ترقی کا سفر جاری ہے، شہر میں جدید روڈ انفراسٹرکچر کو فروغ دیا جا رہا ہے اور کراچی کے شہریوں کو بہتر سفری سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ سڑکوں اور فلائی اوورز کی تکمیل سے شہریوں کو آمدورفت میں ریلیف ملے گا، کراچی کے انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے بڑے منصوبوں پر کام جاری ہے جبکہ ترقیاتی منصوبوں کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ ناصر حسین شاہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت عوام کو زیادہ سے زیادہ شہری سہولیات کی فراہمی کے لیے پرعزم ہے اور کراچی میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

جواب دیں

Back to top button