قومی اقلیتی دن کے موقع پر خیبرپختونخوا اسمبلی کے جرگہ ہال میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے، جبکہ صوبائی وزیر اوقاف، حج، مذہبی و اقلیتی امور عدنان قادری ان کے ہمراہ تھے۔تقریب میں سیکرٹری خیبرپختونخوا اسمبلی سید وقار شاہ، مسیحی، ہندو، سکھ اور دیگر اقلیتی برادریوں کے نمائندگان، مذہبی شخصیات اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔تقریب کا آغاز قومی ترانے سے ہوا،
جس کے بعد بشپ جاوید شریف نے افتتاحی دعا، پنڈت رتن لال نے دعا جبکہ سکھ برادری کے نمائندے نے بین المذاہب دعا پیش کی۔تقریب سے ایم پی اے گرپال سنگھ، سابق مشیر وزیر زادہ ، سابق ایم پی اے روی کمار ،سیکرٹری اوقاف، حج، مذہبی و اقلیتی امور، بشپ ہمفری سرفراز پیٹرز، ہارون سربدیال، صاحب سنگھ، سیموئل رابرٹ، تبدیل کامران، وقاص کھوکھر، حبقوق گل سمیت دیگر نمائندگان نے خطاب کیا۔اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان کی تعمیر و ترقی میں اقلیتی برادریوں کا کردار قابلِ قدر ہے۔ آئین پاکستان تمام شہریوں کو مساوی حقوق اور مذہبی آزادی کی ضمانت دیتا ہے۔ خیبرپختونخوا اسمبلی اقلیتی برادریوں کے حقوق کے تحفظ، مذہبی آزادی اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی خوبصورتی مختلف مذاہب اور ثقافتوں سے تعلق رکھنے والے شہریوں کے باہمی احترام، رواداری اور اتحاد میں ہے۔ ایک پرامن اور مضبوط معاشرے کے قیام کے لیے بین المذاہب ہم آہنگی کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے۔صوبائی وزیر عدنان قادری نے بھی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اقلیتی برادریوں کی فلاح و بہبود، مذہبی آزادی اور ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے حکومتی اقدامات پر روشنی ڈالی۔تقریب کے اختتام پر قومی اقلیتی دن کی مناسبت سے کیک کاٹا گیا جبکہ قومی نغمے کے ساتھ تقریب اختتام پذیر ہوئی۔






