سیکرٹری لوکل گورنمنٹ پنجاب زید بن مقصود نے سپیشل سیکرٹری شاہد زمان لک اور ڈپٹی کمشنر قصور آصف رضا کے ہمراہ ضلع قصور کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران پھول نگر، پتوکی اور بالوکی چک 30 میں پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام اور مثالی گاؤں پروگرام کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت کا موقع پر جائزہ لیا گیا۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نے مختلف ترقیاتی سائٹس کا معائنہ کرتے ہوئے جاری کام کے معیار، رفتار اور فیلڈ میں درپیش مسائل کے حوالے سے متعلقہ افسران سے بریفنگ لی۔
سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ پھول نگر میں 4.7 ارب روپے جبکہ پتوکی میں 6.9 ارب روپے کے ترقیاتی منصوبے جاری ہیں۔ منصوبوں میں شہری نکاسی آب اور بنیادی میونسپل انفراسٹرکچر کی بہتری سے متعلق مختلف کام شامل ہیں۔ اس موقع پر جاری منصوبوں کی فزیکل پیش رفت، دستیاب وسائل اور مقررہ مدت میں تکمیل کے لیے کیے جانے والے اقدامات سے بھی آگاہ کیا گیا۔بالوکی چک 30 میں مثالی گاؤں پروگرام کے تحت جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیتے ہوئے سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کو بتایا گیا کہ منصوبے پر 75 فیصد فزیکل پیش رفت مکمل ہو چکی ہے۔ پانچ دیہات پر مشتمل مثالی گاؤں پیکیج کی مجموعی لاگت 54 کروڑ 69 لاکھ روپے ہے۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نے بالوکی چک 30 کے رہائشیوں سے ملاقات کی اور علاقے میں جاری ترقیاتی کاموں اور بنیادی سہولیات سے متعلق ان کی آراء اور ضروریات بھی دریافت کیں۔زید بن مقصود نے سیوریج پائپس تیار کرنے والے عارضی پلانٹ کا بھی دورہ کیا اور ترقیاتی منصوبوں کے لیے سیوریج پائپس کی تیاری اور فراہمی کے عمل کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ڈسپوزل اسٹیشنز کی تکمیل کے بعد اضافی ڈرینز، سیورز اور فٹ پاتھ کے کام بھی بروقت مکمل کیے جائیں تاکہ منصوبوں کے ثمرات شہریوں کو مکمل طور پر حاصل ہو سکیں۔سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نے ہدایت کی کہ پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تمام منصوبوں کی روزانہ بنیادوں پر پیش رفت مانیٹر کی جائے اور فیلڈ میں کام کی رفتار کو ہر صورت برقرار رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جاری ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میں غیر ضروری تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی اور حکومت پنجاب کی مقررہ مدت کے اندر منصوبوں کی تکمیل یقینی بنائی جائے۔زید بن مقصود نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن کے تحت مثالی گاؤں پروگرام دیہی آبادیوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی، انفراسٹرکچر کی بہتری اور شہری و دیہی علاقوں کے معیارِ زندگی میں فرق کم کرنے کے لیے اہم اقدام ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں میں معیار، رفتار اور پائیداری کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو طویل مدتی بنیادوں پر بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں






