رواں مالی سال کے لئے ریونیو کا ہدف 180 ارب روپے مقرر کیا گیا،محمد سہیل آفریدی کا صوبائی کابینہ کے اجلاس سے خطاب

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے56ویں صوبائی کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزراء، معاونینِ خصوصی اور مشیران کی جانب سے عوام سے براہِ راست رابطے اور مسلسل دوروں کا آغاز قابلِ تحسین ہے۔ عوامی دوروں کے ذریعے صوبے کے عوام کو درپیش مسائل کا براہِ راست علم ہوتا ہے، جبکہ وزراء کے دوروں سے افسران کے عوام کے ساتھ رویے اور سروس ڈلیوری میں موجود کوتاہیوں کا بھی علم ہوتا ہے۔وزیراعلیٰ نے محکمۂ خزانہ کی بہترین کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ محدود وسائل کے باوجود صوبے کی معیشت کو بہترین انداز میں سنبھالا گیا ہے۔ 129 ارب روپے کے ریونیو ہدف کے مقابلے میں حکومتِ خیبرپختونخوا نے 150 ارب روپے ریونیو حاصل کیا، جبکہ رواں مالی سال کے لیے ریونیو کا ہدف 180 ارب روپے مقرر کیا گیا ہے۔کابینہ اراکین صرف اپنے کام اور کارکردگی پر توجہ دیں۔ حق و سچ، شفافیت اور کرپشن کے خلاف مؤقف اختیار کرنے سے آپ کے مخالفین کی تعداد بڑھے گی۔ وزراء کو مخالفین کی باتوں پر توجہ دینے کے بجائے اپنی کارکردگی اور صوبے کے مسائل کے حل پر توجہ دینی چاہیے- آئی ایم ایف کی رپورٹ کردہ 5300 ارب روپے کی اتنی بڑی کرپشن پر کوئی آواز نہیں اٹھا رہا، عوام کے ٹیکس کا پیسہ لوٹا گیا ہے۔ خیبرپختونخوا میں ترقیاتی کام عوام کو نظر آ رہے ہیں، تاہم ان کی رفتار مزید تیز ہونی چاہیے۔

عمران خان کی صحت کے حوالے سے تشویشناک خبریں سامنے آ رہی ہیں۔ عمران خان کی صحت کے حوالے سے میڈیا پر چلنے والی خبروں سے پوری قوم میں تشویش پائی جا رہی ہے- جب عمران خان کو اغوا کرکے ناحق قید کیا گیا تو ان کی صحت مکمل طور پر ٹھیک تھی اور وہ سپر فٹ تھے۔ عمران خان صاحب کی صحت جیل انتظامیہ اور وفاقی حکومت کی غفلت کے باعث خراب ہوئی ہے۔گزشتہ روز عمران خان کی بہنوں اور وکلا سے ملاقات کا دن تھا، لیکن انہیں ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی۔ تقریباً تین سال کے دوران عمران خان صاحب نے صحت کو جواز بنا کر کبھی کسی ریلیف کا مطالبہ نہیں کیا۔حکومتِ خیبرپختونخوا عمران خان صاحب کے ذاتی ڈاکٹرز، اہلِ خانہ، وکلا اور دوستوں کو ان سے ملاقات اور رسائی دینے کا پُرزور مطالبہ کرتی ہے۔ عمران خان صاحب کو اپنے ذاتی ڈاکٹرز، اہلِ خانہ، وکلا اور دوستوں تک رسائی دینا ان کا آئینی اور قانونی حق ہے۔

جواب دیں

Back to top button