وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی جیولن تھرو اولمپیئن چیمپیئن ارشد ندیم کی میزبانی،50 ملین،کراچی کی ایک سڑک نام

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے جیولن تھرو اولمپیئن چیمپیئن ارشد ندیم کی وزیراعلیٰ ہاؤس میں میزبانی کرتے ہوئے انکی تاریخی کامیابیوں کو سراہا اور قوم کی حوصلہ افزائی کیلئے مزید گولڈ میڈلز حاصل کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے پاکستان کی 240 ملین آبادی کی صلاحیتوں کو منوانے کیلئے مشورہ دیا کہ ملک کو بین الاقوامی سطح پر کم از کم 24 طلائی تمغے جیتنے چاہیے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ارشد ندیم ہمارا قومی فخر ہے۔

انہوں نے کہا کہ آپ (ارشد ندیم) نے تاریخ رقم کی ہے اور ہمارے ملک کے نوجوانوں کیلئے رول ماڈل کے طور پر کام کیا ہے۔ اور مزید کہا بین الاقوامی اسٹیج پر انکی جیت یہ ظاہر کرتی ہے کہ مضبوط عزم تمام کوتاہیوں اور رکاوٹوں پر قابو پاتا ہے۔ ارشد ندیم جب وزیر پی اینڈ ڈی ناصر شاہ کے ساتھ وزیراعلیٰ ہاؤس پہنچے تو صوبائی کابینہ کا اجلاس جاری تھا جسے وزیراعلیٰ سندھ نے گولڈ میڈلسٹ کا ذاتی استقبال کرنے کیلئے عارضی طور پر روک دیا تھا۔ وزیراعلیٰ نے اپنی کابینہ کے ارکان کے ساتھ ارشد ندیم کا پرتپاک خیرمقدم کیا اور انکے 92.97 میٹر کے ریکارڈ توڑ تھرو کو سراہا۔ یادگار کارنامہ: وزیراعلیٰ سندھ نے قوم کے ساتھ ارشد ندیم کی تاریخی جیت والا لمحہ یاد دلاتے ہوئے کہا کہ وہ رات ہمیشہ یاد رہے گی ۔ انھوں نے ندیم کو بتایا کہ ہم دوستوں اور خاندان والوں کے ساتھ آپکی ناقابل یقین کارکردگی پر بتانے سے قاصر نہ رہ سکے ۔ ارشد ندیم نے وزیر اعلیٰ کے تعاون اور حوصلہ افزائی پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے بتایا کہ کس طرح پیرس میں وزیر اعلیٰ سندھ کی جانب سے موصول ہونے والی مبارکبادی فون کال نے انہیں مزید بڑی کامیابیوں کے لیے جدوجہد کرنے کی ترغیب دی۔ گولڈ میڈل کی نمائش: ارشد ندیم نے ملاقات کے دوران فخر سے اپنے اولمپک گولڈ میڈل کی نمائش کی جسکے بعد کمرے میں قومی کامیابی کا ایک مضبوط احساس پیدا ہوگیا۔ کابینہ کے ارکان نے پرجوش انداز میں تالیاں بجا کر ندیم کو مبارکباد دی۔ انعامات اور تحائف: ارشد ندیم کی نمایاں کامیابیوں کے اعتراف میں وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے انہیں 50 ملین روپے اور سندھی کے روایتی تحائف جیسے اجرک، ٹوپی، کھیس اور دیگر یادگار اشیاء سے نوازا۔ وزیر پی اینڈ ڈی ناصر شاہ نے ارشد ندیم کی والدہ کو ایک کار تحفے میں دیتے ہوئے بہادر اور ہنرمند بیٹے کی پرورش پر ا نکی تعریف کی۔ اس موقع پر سینئر وزیر شرجیل میمن نے کار کیلئے پریمیم نمبر پلیٹ فراہم کرنے کا عہد کیا۔ وزیر بلدیات سعید غنی نے اعلان کیا کہ کراچی کی ایک اہم سڑک کا نام ارشد ندیم کے نام سے منسوب کیا جائے گا اور انکی قومی خدمات کو یاد کیا جائے گا۔ وزیر کھیل سردار محمد بخش مہر نے ندیم کو اپنے محکمے اور ذاتی فنڈز سے ایک چیک بھی دیا۔ کراچی کے میئر مرتضیٰ وہاب پہلے ہی ارشد ندیم کے اعزاز میں اسپورٹس اکیڈمی کے قیام کا اعلان کر چکے ہیں۔ کھیلوں سے وابستگی: استقبالیہ کے اختتام پر وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے ارشد ندیم کو اپنی مستقل تعاون کا یقین دلایا۔ اس پر ندیم سے کہا آپ صرف ایک فون کال کی دوری پر ہیں, جب بھی آپ کو صوبے میں کھیلوں کو فروغ دینے کیلئے کسی چیز کی ضرورت ہو یا آپ کے مشورے ہوں تو میں مدد کے لیے حاضر ہوں۔ ارشد ندیم نے وزیر اعلیٰ کی جانب سے جاری تعاون اور ندیم کی کامیابیوں کے لیے ان کی لگن پر شکریہ ادا کیا۔ ارشد ندیم کی نمایاں کامیابیوں سے متاثر ہوکر پاکستان میں کھیلوں کو فروغ دینے کے عزم کے ساتھ ایونٹ کا اختتام ہوا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button