سیکرٹری بلدیات زید بن مقصود کی زیر صدارت اجلاس، یونین کونسل کی سطح پر 170 سے زائد سرکاری خدمات ایک چھت تلے فراہم کرنے کی تجویز

پنجاب بھر میں شہریوں کو مقامی سطح پر سرکاری خدمات کی فراہمی مزید آسان اور مؤثر بنانے کے لیے یونین کونسلز کی سطح پر دستک مراکز کے قیام کا منصوبہ تیار کر لیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں سیکرٹری لوکل گورنمنٹ پنجاب زید بن مقصود کی زیر صدارت پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (PITB) کے ساتھ اہم اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں پنجاب بھر کی یونین کونسلز میں دستک مراکز کے قیام، ان کے لیے درکار انفراسٹرکچر، آئی ٹی سہولیات، عوامی رسائی اور سروس ڈیلیوری کے مجوزہ طریقہ کار پر تفصیلی غور کیا گیا۔ چیئرمین PITB فیصل یوسف نے اجلاس کو دستک مراکز کے مجوزہ سروس ڈیلیوری ماڈل اور منصوبے کے مختلف پہلوؤں پر بریفنگ دی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ دستک مراکز کے ذریعے شہریوں کو 170 سے زائد سرکاری خدمات ایک ہی چھت تلے فراہم کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔ اس اقدام کا مقصد مختلف سرکاری خدمات کے حصول کے لیے شہریوں کو دفاتر کے متعدد چکر لگانے کی ضرورت سے نجات دلانا اور انہیں ان کی اپنی یونین کونسل کی سطح پر سہولیات فراہم کرنا ہے۔اجلاس کو بتایا گیا کہ دستک مراکز کے قیام کے لیے پنجاب بھر کی یونین کونسلز کا فیلڈ اسیسمنٹ مکمل کر لیا گیا ہے۔ فیلڈ اسیسمنٹ کے دوران دستک مراکز کے لیے موزوں عمارات، عوامی رسائی، دستیاب سہولیات اور دیگر ضروری تقاضوں کا جائزہ لیا گیا ہے۔ منصوبے پر مجموعی طور پر 4 ارب روپے سے زائد لاگت آنے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔سیکرٹری لوکل گورنمنٹ زید بن مقصود نے ہدایت کی کہ پنجاب کی 4 ہزار سے زائد یونین کونسلز کو دستک مراکز کے منصوبے میں شامل کیا جائے تاکہ شہریوں کو ان کے قریبی علاقے میں سرکاری خدمات تک آسان رسائی حاصل ہو سکے۔زید بن مقصود نے کہا کہ دستک مراکز کا قیام صرف سروسز کی فراہمی تک محدود نہیں ہونا چاہیے بلکہ ہر یونین کونسل کی مقامی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے وہاں دستیاب خدمات کا تعین کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو ایسی سہولیات ایک ہی مقام پر فراہم کی جائیں جو ان کی روزمرہ ضروریات سے براہ راست متعلق ہوں۔سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نے مزید ہدایت کی کہ دستک مراکز کے لیے عمارات کے انتخاب، آئی ٹی انفراسٹرکچر اور سروس ڈیلیوری کے نظام میں عوامی سہولت کو بنیادی ترجیح بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرتے ہوئے سروس ڈیلیوری کے عمل کو زیادہ تیز، شفاف اور مؤثر بنایا جائے۔زید بن مقصود نے کہا کہ یونین کونسل کی سطح پر دستک مراکز کے قیام سے شہریوں کو سرکاری خدمات کے حصول کے لیے دور دراز دفاتر جانے کی ضرورت کم ہوگی اور مقامی حکومت کے نظام میں عوامی سہولیات کا معیار مزید بہتر ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ منصوبے کا بنیادی مقصد شہریوں کو ان کی دہلیز کے قریب معیاری اور آسان سرکاری خدمات کی فراہمی ہے۔اجلاس میں منصوبے کے آئندہ مراحل، دستک مراکز کے لیے مطلوبہ انفراسٹرکچر، آئی ٹی سہولیات اور سروسز کی فراہمی کے طریقہ کار پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس میں سپیشل سیکرٹری ایڈمن ارشد بیگ، ڈی جی پی آئی ٹی بی اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

جواب دیں

Back to top button