*پنجاب کے بڑے سرکاری ہسپتالوں کے گرد فائر ہائیڈرنٹس کی تنصیب کے احکامات*

صوبہ پنجاب کے تمام بڑے سرکاری ہسپتالوں کے گرد فائر ہائیڈرنٹس کی دستیابی اور تنصیب کے لیے اہم اقدامات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات پر سرکاری ہسپتالوں میں آگ سے بچاؤ کے پیشگی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لینے اور فائر فائٹنگ کی سہولیات کو مزید مؤثر بنانے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔ترجمان محکمہ ہاؤسنگ کے مطابق پہلے مرحلے میں صوبہ بھر کے 57 سرکاری ہسپتالوں کی فہرست تیار کر لی گئی ہے۔ ان ہسپتالوں میں ضرورت کے مطابق نئے فائر ہائیڈرنٹس نصب کیے جائیں گے، جبکہ پہلے سے موجود فائر ہائیڈرنٹس کی دستیابی، فعالیت اور کارکردگی کا بھی فوری جائزہ لیا جائے گا۔

ترجمان کے مطابق ریجنل ہیلتھ سنٹرز (RHC)، تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتالوں (THQ)، ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتالوں (DHQ) اور دیگر بڑے سرکاری ہسپتالوں کے قریب فائر ہائیڈرنٹس کی تنصیب اور بہتری کے اقدامات کیے جائیں گے۔تمام واسا ایجنسیوں کو ہسپتالوں اور دیگر اہم مقامات کی نشاندہی کرنے اور ضرورت کے مطابق فائر ہائیڈرنٹس کی تنصیب کے لیے ٹاسک سونپ دیا گیا ہے۔ متعلقہ ادارے ہسپتالوں کے اطراف موجود فائر ہائیڈرنٹس کی فعالیت کا بھی جائزہ لیں گے تاکہ ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر استعمال یقینی بنایا جا سکے۔ترجمان نے بتایا کہ ریسکیو 1122 اور دیگر متعلقہ محکموں کو اس سلسلے میں مکمل معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔ محکمہ ہاؤسنگ اور متعلقہ ادارے ہسپتالوں کے اطراف فائر ہائیڈرنٹس کی تنصیب اور فائر فائٹنگ انفراسٹرکچر کی بہتری میں معاونت کریں گے۔ترجمان محکمہ ہاؤسنگ نے کہا کہ ہسپتالوں کے اطراف مؤثر فائر فائٹنگ کے لیے فائر ہائیڈرنٹ انفراسٹرکچر کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔ ضرورت کے مطابق نئے فائر ہائیڈرنٹس نصب کرنے کے ساتھ موجودہ نظام کو بھی فعال اور مؤثر بنایا جائے گا تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں بروقت کارروائی ممکن ہو۔ترجمان نے کہا کہ شہریوں کی قیمتی جانوں اور املاک کا تحفظ حکومت پنجاب کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق آگ سے بچاؤ کے لیے پیشگی اور مؤثر حفاظتی اقدامات یقینی بنائے جا رہے ہیں۔

جواب دیں

Back to top button