اساتذہ کی کمی دور کرنے کیلئے ریکروٹمنٹ پالیسی کو جلد حتمی شکل دے کر بھرتیوں کے عمل کا آغاز کیا جائے گا،وزیر اعلٰی گلگت بلتستان

وزیراعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین نے محکمہ سکول ایجوکیشن میں ضروری اصلاحات سے متعلق صوبائی سیکریٹری سکول ایجوکیشن ظفر وقار تاج کی جانب سے دی جانے والی بریفنگ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت تعلیمی معیار کو بہتر بنانے کیلئے پرعزم ہے۔ سکولوں میں اساتذہ کی کمی دور کرنے کے لیے ریکروٹمنٹ پالیسی کو جلد حتمی شکل دے کر بھرتیوں کے عمل کا آغاز کیا جائے۔ خواتین اساتذہ کی بھرتیوں میں یونین کونسل کے بجائے ویلج (گاؤں) لیول کو ترجیح دی جائے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ روشن مستقبل کے لیے ہماری آنے والی نسلوں کی تربیت اور تعلیم پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے، جس کو مدنظر رکھتے ہوئے پرائمری سطح تک کا نظامِ تعلیم بتدریج خواتین اساتذہ کے سپرد کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔ وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر صوبائی سیکریٹری سکول ایجوکیشن کو ہدایت کی کہ سکیل 1 سے 5 تک کی خالی آسامیوں کو مشتہر کر کے مروجہ طریقہ کار کے مطابق میرٹ پر بھرتیاں عمل میں لائی جائیں۔ ٹائم سکیل اور ای ایس ٹی ترقیوں میں درپیش مشکلات کے باعث ملازمین میں مایوسی پائی جاتی تھی، جس کے پیش نظر ان کی ترقیوں کے لیے ضروری ترامیم تجویز کی گئی ہیں۔ ان تجاویز پر عملدرآمد کے لیے قانون کے مطابق ضروری اقدامات کیے جائیں۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر محکمہ سکول ایجوکیشن کے ڈیلیٹڈ منصوبوں کی تکمیل کے لیے امبریلا پی سی ون تیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اساتذہ کی پوسٹنگ و ٹرانسفر پالیسی پر نظرثانی کر کے اسے مزید بہتر اور قابلِ عمل بنایا جائے۔

جواب دیں

Back to top button