صوبائی سیکرٹری لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ پنجاب زید بن مقصود نے ضلع منڈی بہاءالدین کی تحصیل پھالیہ کا دورہ کیا ۔ صوبائی سیکرٹری نے پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت مختلف جاری سیوریج سکیموں کا تفصیلی معائنہ کیا
اور ان سکیموں کی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر عدیل حیدر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر میونسپل سروسز راجہ حیدر عباس، اسسٹنٹ کمشنر پھالیہ آفتاب اشرف اور متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔
ڈپٹی کمشنر عدیل حیدر نے سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کو تحصیل پھالیہ میں جاری سیوریج سکیموں، منصوبوں کی پیش رفت، تعمیراتی معیار اور شہریوں کو فراہم کی جانے والی نکاسی آب کی سہولیات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ زید بن مقصود نے مختلف منصوبوں کا موقع پر معائنہ کیا اور متعلقہ افسران سے منصوبوں کی موجودہ صورتحال، تکمیل کے مراحل اور دیگر تکنیکی امور کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ سیوریج سمیت تمام جاری ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے، تعمیراتی کاموں میں اعلیٰ معیار کو ہر صورت یقینی بنایا جائے اور شہریوں کو بہتر، مؤثر اور پائیدار نکاسی آب کی سہولیات کی فراہمی پر خصوصی توجہ دی جائے۔






