کرپشن کے خلاف کارروائیوں میں 79 کروڑ 96 لاکھ 44 ہزار روپے کی بڑی ریکوری ہوئی ہے،سیکرٹری فوڈ سیفٹی ڈاکٹر کرن خورشید

محکمہ فوڈ سیفٹی اینڈ کنزیومر پروٹیکشن پنجاب کے زیر نگرانی محکمہ کی کارروائیوں اور کرپشن کے خلاف اقدامات کی رپورٹ جاری کرتے ہوئے سیکرٹری فوڈ سیفٹی ڈاکٹر کرن خورشید نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن کے تحت کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عملدرآمد کرتے ہوئے محکمانہ سطح پر انکوائریوں اور قانونی کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے اوریکم جنوری 2026 سے اب تک کرپشن سے متعلق 194 کیسز قائم کیے گئے، جبکہ 189 کیسز کے فیصلے جاری کیے جا چکے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ محکمانہ کارروائی کے دوران مکمل ہونے والے 189 کیسز میں 77 افسران و اہلکاروں کو بڑی جبکہ 112 کو معمولی سزائیں دی گئیں۔ڈاکٹر کرن خورشید نے بتایا کہ کرپشن کے خاتمے کے لیے محکمانہ انکوائریوں کے ساتھ ساتھ ذمہ دار افسران و اہلکاروں کے خلاف انضباطی اور قانونی کارروائی بھی جاری ہے۔ محکمہ فوڈ سیفٹی کی کارروائیوں کے نتیجے میں 77 سے زائد افسران و اہلکاروں کو ملازمت سے فارغ کردیا گیا جبکہ دیگر ذمہ داران کے خلاف بھی قواعد و ضوابط کے مطابق کارروائی عمل میں لائی گئی ہے اور کرپشن کے خلاف کارروائیوں کے دوران 79 کروڑ 96 لاکھ 44 ہزار روپے کی بڑی ریکوری بھی کی گئی ہے، جو محکمہ کی جانب سے مالی بے ضابطگیوں کے خلاف کارروائی کا اہم نتیجہ ہے۔سیکرٹری فوڈ سیفٹی اینڈ کنزیومر پروٹیکشن کے مطابق کرپشن کے خلاف کارروائیوں کے نتیجے میں اینٹی کرپشن میں بھی20 ایف آئی آرز درج کرائی گئی ہیں، جبکہ بدعنوانی اور بے ضابطگیوں میں ملوث عناصر کے خلاف محکمانہ و قانونی کارروائی کا سلسلہ مسلسل جاری ہے۔ڈاکٹر کرن خورشید کے مطابق کرپشن کے خاتمے، شفافیت کے فروغ اور سرکاری وسائل کے تحفظ کے لیے تمام متعلقہ افسران و اہلکاروں کو قواعد و ضوابط کی مکمل پابندی یقینی بنانے کی ہدایات دی گئی ہیں، جبکہ بدعنوانی میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رکھی جائیں گی۔

جواب دیں

Back to top button