ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد نے پاکستان پیپلز پارٹی بی بی شہید بلڈ بینک پاکستان کے زیراہتمام منعقدہ بلڈ بینک کیمپ کا معائنہ کیا اور خون کا عطیہ دینے والے پاکستان پیپلز پارٹی کے جیالوں اور بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ملازمین سے ملاقات کی، بلڈ بینک کیمپ چیئرمین لیبر کمیٹی بلدیہ عظمیٰ کراچی کے تعاون سے کے ایم سی بلڈنگ میں منعقد کیا گیا، جہاں پاکستان پیپلزپارٹی کے کارکنان اور کے ایم سی کے اہلکاروں نے رضاکارانہ طور پر خون کا عطیہ دیا۔ بی بی شہید بلڈ بینک پاکستان اور حسینی بلڈ بینک کی جانب سے ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد کو تعریفی اسناد بھی پیش کی گئیں، اس موقع پر صدر پیپلز لیبر بیورو کراچی و لیبر ممبر بلدیہ عظمیٰ کراچی اسلم سموں، جنرل سیکریٹری شاہد قادری سمیت بلدیہ عظمیٰ کراچی کے دیگر اراکین اور پیپلز پارٹی کے کارکنان بھی موجود تھے
،ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد نے کہا کہ خون کا عطیہ دینا انسانیت کی خدمت کا بہترین ذریعہ ہے، ایک صحت مند انسان کی جانب سے عطیہ کیا گیا خون کسی ضرورت مند مریض کے لیے زندگی کی نئی امید بن سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلڈ بینک کیمپس کا انعقاد اس بات کا عملی اظہار ہے کہ معاشرے کے ہر فرد کو دکھی انسانیت کی مدد کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے، بالخصوص ایسے مریض جو حادثات، آپریشنز، تھیلیسیمیا یا دیگر طبی پیچیدگیوں کے باعث بروقت خون کے محتاج ہوتے ہیں، انہوں نے کہا کہ خون کی محفوظ منتقلی کئی قیمتی جانیں بچانے کا سبب بنتی ہے، اس لیے صحت مند اور اہل افراد کو باقاعدگی سے خون کا عطیہ دینے کے لیے آگے آنا چاہیے،انہوں نے خون کا عطیہ دینے والے پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکنان اور کے ایم سی ملازمین کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ رضاکارانہ طور پر خون کا عطیہ دینا ایک عظیم انسانی خدمت ہے اور اس عمل سے معاشرے میں ہمدردی، احساس اور باہمی تعاون کو فروغ ملتا ہے، انہوں نے کہا کہ ”خون دیجیے، زندگی بانٹیے“ کا پیغام ہر شہری تک پہنچانے کی ضرورت ہے تاکہ کسی مریض کو خون کی عدم دستیابی کے باعث مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے، انہوں نے کہا کہ صحتمند افراد کی جانب سے خون کا عطیہ معاشرے کے ان لوگوں کے لیے امید کی کرن ہے جو زندگی کی جنگ لڑرہے ہیں، اس موقع پر بلڈ بینک کیمپ میں شرکاء کو خون عطیہ کرنے کے حوالے سے آگاہی بھی فراہم کی گئی اور بتایا گیا کہ صحتمند افرادجو طبی جانچ کے مقررہ معیار پر پورا اترتے ہوں، خون کا عطیہ دے سکتے ہیں، کیمپ میں خون عطیہ کرنے والے کارکنان اور کے ایم سی ملازمین نے انسانیت کی خدمت کے اس عمل میں بھرپور حصہ لیا۔





