محکمہ لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی ضلع باغ کے ترقیاتی منصوبوں اور محکمانہ امور پر پراگریس کا جائزہ اجلاس ڈائریکٹر جنرل لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی راجہ زاھد محمود خان کی سربراہی میں ڈپٹی ڈائریکٹر دفتر باغ شہر میں منعقد ہوا۔
اجلاس میں ڈویژنل ڈائریکٹر پونچھ ڈویژن سردار طاھر اشرف، سپرٹینڈنگ انجینئر پونچھ ڈویژن نیاز کیانی، ڈپٹی ڈائریکٹر باغ چوھدری الیاس، ڈپٹی ڈائریکٹر مانیٹرنگ نظامت اعلی راجہ ذوالقرنین کیانی، ایگزیکٹو انجینئر باغ، پراجیکٹ منیجرز مرکز ریڑہ، باغ و دھیرکوٹ کے علاؤہ شرقی باغ، وسطی باغ اور دھیرکوٹ کے اسسٹنٹ انجینئرز، سب انجینئرز اور دیگر آفیسران و سٹاف نے شرکت کی۔اجلاس میں گزشتہ مالی سال کے ترقیاتی منصوبہ جات کی پراگریس کے علاؤہ نئے منصوبہ جات پر عملدرآمد کی حکمت عملی اور دیگر محکمانہ امور زیر غور لائے گئے۔ ڈائریکٹر جنرل نے حکومتی پالیسی، مروجہ ضابطہ اور قانون میں دئیے گئے طریقہ کار کے مطابق منصوبہ جات کی نشاندھی، جانچ پڑتال، جھان بین، عملدرآمد، مانیٹرنگ اور تکمیل کے حوالہ سے ھدایات جاری کیں اور کہا۔طے شدہ طریقہ کار کے مطابق منصوبہ کی نشاندھی کے بعد متعلقہ زمین کا وقف نامہ حاصل کرنے کے بعد سکیم کا ڈیزائن، ڈرائینگ اور تخمینہ لاگت مرتب کیا جائے اور صرف قابل عمل منصوبہ جات کو ھی فورم کے سامنے بعد از فنی منظوری بغرض منظوری پیش کیا جائے۔ واٹر سپلائی سکیموں کے پائپ اور پمپینگ مشینیں تخمینہ میں درج تصریحات کے مطابق استعمال کیے جائیں ۔ڈائریکٹر جنرل نے کہا کہ محکمہ لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی کے تمام منصوبہ جات کمیونٹی کی شراکت داری سے ھی مکمل کیے جاتے ھیں لھذا منصوبہ جات پر عملدرآمد کے دوران متعلقہ کمیونٹی سے مکمل رابطہ رکھا جائے اور کمیونٹی کی مشاورت کو یقینی بنایا جائے اور پراجیکٹ کمیٹی کی تشکیل قانون میں دئیے گئے طریقہ کار کے مطابق عمل میں لائی جائے۔صرف ورک ڈن کی بنیاد پر ادائیگی کی جائے، ایگزیکٹو انجینئر اور ڈپٹی ڈائریکٹر ادائیگی سے قبل سرپرائز وزٹ کر کے منصوبہ جات کی پڑتال کریں اور مکمل اطمینان کے بعد ادائیگی کی جائے۔ واٹر فلٹریشن پلانٹس کی مرمتی اور دیگر امور کو یکسو کرنے کےلئے مقامی آبادی پر مشتمل منیجمنٹ کمیٹیاں تشکیل دی جائیں اور معززین علاقہ کو ان کمیٹیوں کا حصہ بنایا جائے۔ کمیونٹی آرگنائزرز اور یونین کونسل کے سیکرٹری کو بھی کمیٹی میں شامل کیا جائے اور پراجیکٹ منیجر اس سارے عمل کی خود نگرانی کریں۔ فلٹریشن پلانٹس کے پانی کی ھر چھ ماہ بعد متعلقہ لیبارٹری سے ٹیسٹ کا اھتمام کیا جائے تاکہ مضر صحت پانی کے استعمال پر پابندی لگائی جا سکے۔پیدائش اور موت کے سرٹیفیکیٹس کی اجرائیگی کی نسبت عوامی شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے اور فیس طے شدہ ریٹ کے مطابق وصول کی جائے۔ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف انضباطی کارروائی کی جائے گی،جو ملازمت سے برخاستگی بھی ھو سکتی ھے۔ پیدائش کی رجسٹریشن کے لیے مراکز کی سطح پر خصوصی آگاہی مہم کا آغاز کیا جائے تاکہ تمام بچوں کی رجسٹریشن کو یقینی بنایا جا سکے۔ڈائریکٹر جنرل نے مزید کہا کہ غیر حاضر اور ضابطہ کے مغائر گھروں میں ڈیوٹی دینے والوں ملازمین کے خلاف کارروائی کا آغاز کیا جائے اور جناب وزیراعظم کے احکامات کے مطابق بائیو میٹرک سسٹم کو فوری طور پر پورے ضلع میں فعال کیا جائے۔ آن ڈیوٹی ملازمین اپنے اصل جائے تعیناتی پر فوری حاضر ھوں۔ گاڑیوں کا استعمال ٹرانسپورٹ پالیسی میں درج طریقہ کار کے مطابق کیا جائے۔ ناکارہ گاڑیاں نیلام کیے جانے کے لیے تحت ضابطہ کارروائی کی جائے۔یونین کونسلز کی عمارتوں پر غیر قانونی قابضین کے خلاف فوجداری کارروائی کی تحریک کی جائے اور فوری طور پر قبضے واگزار کروائے جائیں بصورت دیگر متعلقہ سیکرٹری اور پراجیکٹ منیجرز زمہ دار ھوں گے۔ جن یونین کونسلز میں سیکرٹری تعینات نہیں ان کی تجاویز اندر ایک ھفتہ نظامت اعلی کو ارسال کی جائیں تاکہ ضابطہ کے مطابق احکامات جاری کیے جا سکیں۔ آخر میں ڈائریکٹر جنرل نے ایسے متعلقین کے خلاف کارروائی شروع کرنے کے بھی احکامات جاری کیے جنہوں نے گزشتہ سالوں کے دوران ضابطہ کے مغائر منصوبہ جات کے چیک جاری کیے اور اکاؤنٹس کا غیر قانونی استعمال کیا۔