ڈی سی لاہور سید موسیٰ رضا نے گورنمنٹ پرائمری سکول بھائیکوٹ کا دورہ کیا. ری اسٹرکچر نگ کے تحت اسکول کے انتظامی امور میں تبدیلی کی گئی ہے. ڈی سی لاہور سید موسیٰ رضا نے سکول انتظامیہ سے ملاقات کی اور تفصیلی گفتگو کی.

سکول انتظامیہ نے ڈی سی لاہور سے فنڈز جاری کرنے سے متعلق درخواست کی. سکول پرنسپل نے کہا کہ بچوں کو بہتر ماحول اور تعلیم سے آراستہ کرنے کے لئے سکول میں تزئین و آرائش کا کام ضروری ہے. سکول انتظامیہ نے ڈی سی لاہور کو بریفنگ میں بتایا کہ بچوں کے مستقبل کو محفوظ بنانے کے لئے تمام تر بچوں کا یکساں نصاب ہونا لازمی ہے. ڈی سی لاہور نے تدریسی نظام کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کروائی اور سکول پرنسپل کو کلاس رومز و واش رومز میں صفائی کے بہترین انتظامات کی ہدایت کی. ڈی سی لاہور نے کہا کہ ایل ڈبلیو ایم سی ورکرز سکول کے باہر بھی صفائی کے مناسب انتظامات یقینی بنائیں. ڈی سی لاہور نے متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر کو ہدایت کی کہ سکول کے باہر بچوں کو کسی بھی حادثات کا شکار ہونے سے بچانے کے لئے سپیڈ بریکرز بنائے جائیں. انہوں نے کہا کہ سکولوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے کوشاں ہیں. ڈی سی لاہور سید موسیٰ رضا نے جنجاتہ گاؤں میں صفائی اقدامات کا بھی جائزہ لیا. علاقے میں صفائی کے ناقص انتظامات پر ڈی سی لاہور نے سخت برہمی کا اظہار کیا اور ایل ڈبلیو ایم سی حکام کو صفائی کے فی الفور بہتر انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کی. ڈی سی لاہور نے کہا کہ صفائی پر کسی قسم کی کوتاہی کی گنجائش نہیں اور سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی کو ہدایت کی کہ صفائی کے لئے بہترین اور عملی اقدامات کئے جائیں. انہوں نے کہا کہ شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا اولین ترجیح ہے. سی او ایم سی ایل، اسسٹنٹ کمشنر رائیونڈ، سی او ایل ڈبلیو ایم و دیگر بھی ڈی سی لاہور کے ہمراہ تھے





