ضلعی انتظامیہ نے ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا کی براہ راست نگرانی میں شہر کو تجاوزات سے پاک کرنے کی مہم کامیابی سے جاری رکھتے ہوئے ایک ہی دن میں 601 عارضی اور 57 مستقل تجاوزات کو ختم کر دیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایات پر چلائی جانے والی اس مہم کے تحت شہر کے 8 بڑے علاقوں میں آپریشن کیا گیا، جس میں داتا ٹاؤن، مزنگ روڈ، گنگا رام، لیٹن روڈ، شاہدرہ، بیگم کوٹ، ونڈالہ روڈ، ٹاؤن شپ اور گلشن راوی شامل ہیں۔ کارروائی کے دوران 24 ٹرک سامان ضبط کیا گیا

اور رہائشی علاقوں سے 10 خانہ بدوش جھگیاں منتقل کر دی گئیں۔ میٹروپولیٹن آفیسر ریگولیشن ہیڈکوارٹر کاشف جلیل کی سربراہی میں ہونے والے اس آپریشن کے دوران چیف آفیسر میٹروپولیٹن کارپوریشن شاہد عباس کٹھیا کی خصوصی نگرانی بھی شامل رہی۔ سنگین خلاف ورزیوں پر 4 مقدمات بھی درج کیے گئے، جبکہ رہائشی علاقوں سے 14 مویشی پکڑے گئے اور متعدد نوٹسز جاری کیے گئے۔ ڈپٹی کمشنر سید موسیٰ رضا کا کہنا ہے کہ "تجاوزات کے خلاف مہم سے شہر کی خوبصورتی میں اضافہ ہوا ہے اور ہم وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر لاہور کو تجاوزات سے مکمل پاک شہر بنانے کے لیے پرعزم ہیں”۔ اس کارروائی سے شہریوں کو وسیع سڑکوں تک آسان رسائی فراہم ہوئی ہے اور ٹریفک کے بہاؤ میں بھی نمایاں بہتری آئی ہے۔ ضلعی انتظامیہ اور میٹروپولیٹن کارپوریشن مل کر شہر کو تجاوزات سے پاک کرنے کی اس مہم کو مستقل بنیادوں پر جاری رکھنے کا عزم رکھتے ہیں۔






