ڈپٹی کمشنر کا تحصیل صدر کا دورہ: لاہور کو تجاوزات سے پاک صاف شہر بنانے کی ہدایات جاری

ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا نے تحصیل صدر کا تفصیلی دورہ کیا جہاں بیدیاں روڈ، ڈیرہ چہل اور گردونواح کے علاقوں میں صفائی، انسداد تجاوزات آپریشنز اور دیگر انتظامی معاملات کا بغور جائزہ لیا۔ دورے کے دوران اسسٹنٹ کمشنر صدر سعدیہ ڈوگر نے انہیں علاقے میں جاری انتظامی امور پر تفصیلی بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر نے صفائی اور انسداد تجاوزات مہم میں سست رفتاری پر سخت ناراضگی کا اظہار کیا اور واضح ہدایات جاری کیں کہ تمام غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کو فوری طور پر مسمار کیا جائے۔

انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر صدر کو یہ بھی ہدایت کی کہ تمام تعمیرات کو ایک لائن میں منظم کیا جائے تاکہ سڑکوں اور فٹ پاتھ پر آمدورفت کو یقینی بنایا جا سکے۔ ڈی سی لاہور نے خصوصی طور پر تاکید کی کہ رہائشی علاقوں سے جھگیوں اور مویشیوں کو فوری طور پر منتقل کیا جائے تاکہ شہر کی صفائی اور صحت عامہ کو بہتر بنایا جا سکے۔ سید موسیٰ رضا نے کہا کہ لاہور کو تجاوزات سے پاک اور صاف شہر بنانے کے لیے جاری کوششوں میں کسی بھی قسم کی کوتاہی یا سستی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو یہ بھی ہدایت کی کہ صفائی کے معیار کو بڑھایا جائے اور شہر کی خوبصورتی میں اضافے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔ ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ شہریوں کی سہولت کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں اور اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی کوتاہی یا غفلت کرنے والے افسران اور عملے کے خلاف فوری کارروائی کی جائے گی۔

جواب دیں

Back to top button