ہمدرد پاکستان کی جانب سے پنجاب پولیس کے ان افسران کے اعزاز میں ایک شاندار تقریبِ پذیرائی کا اہتمام کیا گیا جنہوں نے اپنی پیشہ ورانہ خدمات میں ایمانداری، قابلیت اور دیانتداری کی اعلیٰ مثالیں قائم کیں۔ اس پروقار تقریب کا انعقاد مقامی ہوٹل میں کیا گیا۔ تقریب کا مقصد ان افسران کی خدمات کا اعتراف کرنا تھا جنہوں نے اپنی جانفشانی، بے لوث خدمت اور مثالی کردار کے ذریعے محکمہ پولیس کی عزت و وقار میں اضافہ کیا۔ ان فرض شناس ایس پیز حضرات میں جناب آفتاب پھلروان، جناب شاہد چدھڑ، میاں عابد رشید اور جناب خالد سعید خان شامل تھے۔ ان چاروں ہمدرد دوست افسران نے اپنی اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کو نہایت جانفشانی سے نبھاتے ہوئے عوام کے جان و مال کی حفاظت کو اپنی اولین ترجیح بنایا اور ہر قسم کے دباؤ کے باوجود دیانت داری اور اصول پسندی کی روشن مثالیں قائم کیں اور ترقی کی منزلیں طے کیں۔۔۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر تقریب محترم جسٹس (ر) نذیر احمد غازی نے کہا کہ معاشرے میں قانون کی بالادستی کے لیے پولیس کا کردار نہایت اہم ہے اور ایسے افسران کی موجودگی قوم کے لیے باعثِ افتخار ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج جن افسران کو خراجِ تحسین پیش کیا جا رہا ہے، وہ درحقیقت نوجوان نسل کے لیے مشعل راہ ہیں۔
مقررین میں سابق انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب محترم الطاف قمر ، معروف صحافی اور دانشور محترم مجیب الرحمان شامی، صدر رہائی فاؤنڈیشن محترمہ فرح ہاشمی اور دیگر ممتاز شخصیات شامل تھیں۔ تمامی نے اپنے خطابات میں ہمدرد پاکستان کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ اداروں اور افراد کی حوصلہ افزائی معاشرے میں بہتری اور جذبہ خدمت کو مزید فروغ دیتی ہے۔
سیکرٹری شوریٰ ہمدرد علی بخاری نے اپنے ابتدائی کلمات میں کہا کہ آج کا دن ان افسران کے لیے ایک معمولی سا اعتراف ہے جو اپنے شب و روز عوام کی خدمت اور قانون کی عملداری کے لیے وقف کیے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ان پر فخر ہے اور ہم دعا گو ہیں کہ یہ افسران ہمیشہ اسی جذبے سے ملک و قوم کی خدمت کرتے رہیں۔
تقریب کا اختتام دعا اور شکرگزاری کے ساتھ ہوا۔ شرکاء نے اس موقع پر اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اپنی اپنی ذمہ داریوں کو ایمانداری اور دیانت کے ساتھ نبھاتے رہیں گے اور ملک میں قانون و انصاف کی بالادستی کے لیے ہر ممکن کردار ادا کریں گے۔ تقریب میں ڈاکٹر سعید الہی محترم ناصر بشیر محترم ڈاکٹر تنویر احمد جناب محمد نصیر الحق ہاشمی جناب علی نواز جناب عثمان غنی جناب صابر احمد عوان جناب سید فرقان علی شاہ جناب انور خان جناب شعیب ہاشمی اور دیگر شریک ہوئے تقریب کے اختتام پر چاروں حاضر سروس ایس پیز حضرات کی خدمت میں شہید حکیم محمد سعید کی سویں سالگرہ پر جاری کردہ ٹکٹس پر مبنی سوینیرز بھی پیش کیے گئے






