یوم عاشورہ دسویں محرم الحرام کے موقع پر شہر میں ہونے والےتمام مجالس اور جلوس کے راستوں پر صفائی انتظامات یقینی بنانے کے لیے ایل ڈبلیو ایم سی کا عملہ متحرک رہا۔خصوصی صفائی اقدامات کے تحت یوم عاشورہ کے مرکزی جلوس کے روایتی راستوں پر ایل ڈبلیو ایم سی کےعملے نے زائرین کو صاف ماحول کی فراہمی کےلیے صفائی ستھرائی کا عمل یقینی بنایا۔سی ای او بابر صاحب دین کی ہدایت پر عاشورہ کے موقع پر 46 جلوس اور 277 مجالس کیلئے ایل ڈبلیو ایم سی نےبہترین صفائی انتظامات ممکن بنائے۔

شہر لاہور کے مختلف علاقوں سے 6 بڑے جلوسوں کے راستوں پر خصوصی ٹیمیں تعینات رہیں۔محرم الحرام گرینڈ صفائی آپریشن پرایل ڈبلیو ایم سی کے900سے زائد ورکرز امام بارگاہوں اور روٹس کی صفائی ستھرائی پر مامور رہیں۔ ایل ڈبلیو ایم سی کا عملہ امام بارگاہوں کے اطراف، جلوس کے راستوں اور قبرستانوں کے گرد صفائی انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے متحرک رہا۔ موچی گیٹ سے کربلا گامے شاہ، شادمان سے شاہ جمال، پانڈو سٹریٹ اسلام پورہ سے پرانی انار کلی، علی رضا آباد رائیونڈ، اور ٹھوکر گاؤں جلوس کے راستوں پر ایل ڈ بلیو ایم سی کی آپریشن ٹیمیں صفائی پر مامور کی گئیں جبکہ قبرستان میانی صاحب، قبرستان بابا جمیل شاہ شاہدرہ،مغلیہ قبرستان،کشمیری قبرستان باغبان پورہ،قبرستان بستی سیدن شاہ، قبرستان بوہڑوالا،قبرستان میاں میر نزد بارہ دری اور متعدد دیگر قبرستانوں کے اطراف میں خصوصی صفائی آپریشن پر عملہ تعینات کیا گیا۔عاشورہ کی مناسبت سے جاری محافل اور جلوسوں کے اختتام تک خصوصی صفائی آپریشن جاری رہا۔مزید برآں حکومتِ پنجاب کے ویژن پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیےیکم محرم سے ہی شہر کی 120 بڑی امام بارگاہوں پر صفائی کے خصوصی انتظامات یقینی بنائے گئے جبکہ جلوسوں کے روٹس پر صفائی کے غیر معمولی اقدامات کیے گئے ہیں۔ محرم الحرام میں مجالس اور جلوس میں شامل عزاداروں اور شرکاء کو صاف ماحول کی فراہمی ادارے کی اولین ترجیح ہے۔ شہریوں سے بھی گزارش ہے کہ ایل ڈبلیو ایم سی کے عملے سے تعاون کریں.صفائی سے متعلق شکایات کے ازالے کے لیے ایل ڈبلیو ایم سی کی ہیلپ لائن 1139پر رابطہ کریں یا سوشل میڈیا کا استعمال کریں ۔






