جعلساز مافیا کا بڑا دھندہ پنجاب فوڈاتھارٹی کے شکنجے میں آگیا۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے حکم پر فوڈ سیفٹی ٹیموں نے چائنہ سکیم میں واقع گھر میں چھپ کر جعلی پتی بنانے والے یونٹ پر چھاپہ مارا۔ کارروائی کے دوران لاکھوں روپے مالیت کی 6ہزار کلو چائے پتی، 10ہزار کلو بورا تلف کر کے مشینری ضبط کر لی گئی اور ذمہ داران کیخلاف مقدمہ درج کروا دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق یونٹ مالک کو جعلی پتی بناتے رنگے ہاتھوں پکڑ کر مشینری ضبط کی گئی جبکہ تمام تیار اور خام مال تلف کر دیا گیا۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے بتایا پتی یونٹ سے بورا، ممنوعہ رنگ اور فلیورز برآمد ہونے پر کارروائی کی گئی۔رس کے بورے کو ممنوعہ رنگ اور فلیورز لگا کر اصل پتی نما جعلی پتی بنائی جارہی تھی۔پروسیسنگ ایریا میں بدوبدار ماحول، واشروم، مکھی، مچھروں اور کاکروچز کی بھرمار پائی گئی۔ عاصم جاوید ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے کہا برآمد شدہ جعلی پتی کو دلکش پیکنگ لگا کر مارکیٹ میں فروخت کیا جانا تھا۔ممنوعہ رنگوں اور فلیورز سے تیار اشیاء کا استعمال معدہ اور جگر کے موذی امراض میں مبتلا کرسکتا ہے۔پنجاب میں خوراک کا کاروبار صرف پنجاب فوڈ اتھارٹی قوانین کے مطابق ہی کیا جاسکتا ہے۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی کا کہنا تھا اشیاء خورونوش میں ملاوٹ جعلسازی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ زیادہ منافع کی لالچ میں خوراک میں جعلسازی سنگین جرم ہے اور جعلسازی ما مکروہ دھندہ کرنے والے اور ناقص اشیاء تیار کرنے والوں کا کاروبار جڑ سے اکھاڑ دیا جائے گا۔ شہری خود فوڈ اتھارٹی بنیں اور خرید سے قبل اشیاء کی جانچ یقینی بنائیں جبکہ مارکیٹ سے فوڈ اتھارٹی سے منظور شدہ اشیاء استعمال کریں۔





