محکمہ لائیو سٹاک پنجاب کی ڈیپارٹمنٹل ڈیویلپمنٹل سب کمیٹی (DDSC) کا اجلاس سیکرٹری لائیو سٹاک احمد عزیز تارڑ کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں کل 1 ارب 60 کروڑ روپے مالیت کے جاری اور نئے ترقیاتی منصوبہ جات کی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں نوجوان ویٹرنری گریجویٹس اور پیرا ویٹس کے لیے 60 کروڑ روپے مالیت کے انٹرن شپ پروگرام کی منظوری دی گئی، جس کے تحت 500 ویٹرنری گریجویٹس اور 500 پیراویٹس کو انٹرنشپ کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔اس موقع پر سیکرٹری لائیو سٹاک احمد عزیز تارڑ نے کہا کہ مویشی پال حضرات کو بہتر سہولیات مہیا کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔اجلاس میں مزید 75 کروڑ روپے کی لاگت سے پنجاب بھر میں تشخیصی لیبارٹریوں اور موبائل ویٹرنری لیبارٹریوں کے قیام کے منصوبے کی بھی منظوری دی گئی، تاکہ مویشیوں کی بروقت تشخیص اور علاج ممکن بنایا جا سکے۔اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری ٹیکنیکل، ڈائریکٹر جنرل لائیو سٹاک اور دیگر اعلیٰ افسران نے بھی شرکت کی۔






