وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان کی زیر صدارت مالی سال 25-2024 کے بجٹ کی منظوری کے حوالے سے منعقدہ صوبائی کابینہ کا دسواں اجلاس منعقد ہوا،جس میں صوبائی وزراء ، وزیر اعلیٰ کے مشیر اور صوبائی محکموں کے انتظامی سیکرٹریز نے شرکت کی،جبکہ چیف سیکریٹری گلگت بلتستان بزریعہ ویڈیو لنک شریک رہے۔
کابینہ اجلاس کے آغاز میں نلتر ٹریفک حادثے میں جاں بحق خاندان کے بلند درجات کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی۔
سیکریٹری خزانہ نے نئے مالی سال 25-2024 کے بجٹ کے حوالے سے بریفنگ دی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے کہا کہ نئے مالی سال کا بجٹ عوام دوست بجٹ ہوگا،جس کیلئے پوری کابینہ اور متعلقہ اداروں نے عوامی مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے ترتیب دیدیا ہے۔تعلیم،صحت،زراعت اور آئی ٹی کے شعبے کی مزید بہتری کیلئے نئے مالی سال کے بجٹ میں ان شعبہ جات کو ترجیح دی گئی ہے۔وزیر اعلی گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کی تاریخ میں پہلی بار صحافیوں کے انڈومنٹ فنڈ کی مد میں 10 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں،یہ ہماری صوبائی حکومت کی صحافت دوست پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔
انہوں نے مزیدکہا کہ نئے مالی سال کا بجٹ بہت باریک بینی سے ترتیب دیا گیا ہے،ہماری حکومت کو عوامی مسائل کا مکمل ادراک ہے اور پوری سنجیدگی کے ساتھ مسائل کا حل نکال رہے ہیں۔گلگت بلتستان میں پانی، بجلی اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائیں گے۔آمدہ سردیوں سے قبل 35.5 میگا واٹ بجلی سسٹم میں داخل ہوگی،جس سے علاقے میں لوڈ شیڈنگ میں خاطر خواہ کمی واقع ہوگی۔گگت بلتستان کی تعمیر وترقی اور مسائل حل کرنا صوبائی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
کابینہ اجلاس میں گلگت بلتستان فنانس ایکٹ 2024ء کے حوالے سے سیکریٹری خزانہ نے تفصیلی بریفنگ دی۔اس موقع پر ایڈیشنل چیف سیکریٹری ڈویلپمنٹ نے کابینہ اجلاس میں اے ڈی پی 25-2024 کے حوالے سے بریفنگ دی۔