محکمہ لائیو اسٹاک میں ایک اہم اجلاس کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت صوبائی وزیر لائیو اسٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ سید عاشق حسین کرمانی نے کی۔ اجلاس میں سیکرٹری لائیو اسٹاک احمد عزیز تارڑ، ایڈیشنل سیکرٹری ٹیکنیکل، ڈائریکٹر جنرل ریسرچ، ڈائریکٹر جنرل توسیع، ڈائریکٹر جنرل پروڈکشن، پنجاب آئی ٹی بورڈ اور بینک آف پنجاب کے نمائندگان سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب کے تحت جاری لائیو اسٹاک انیشیٹوز پر بریفنگ دی گئی۔

ان میں سی ایم لائیو اسٹاک کارڈ، جنوبی پنجاب کی بیوہ خواتین اور مستحق گھرانوں میں مفت کٹی اور بچھی کی فراہمی کے منصوبے شامل ہیں۔ اجلاس میں پنجاب آئی ٹی بورڈ اور بینک آف پنجاب کے نمائندگان نے بھی تفصیلی بریفنگ دی اور ڈیجیٹل ڈیش بورڈ کے ذریعے جاری منصوبوں کی پیش رفت پیش کی۔مزید برآں، اجلاس میں منہ کھر بیماری (FMD) کے کنٹرول کے لیے ڈزیز فری زون کے قیام پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ بہاولنگر میں ایف ایم ڈی ڈزیز فری زون کے قیام کو ایک اہم سنگِ میل قرار دیا گیا اور اس حوالے سے آئندہ کے عملی اقدامات پر غور کیا گیا۔اجلاس میں لمپی اسکن ڈزیز کی حالیہ صورتحال پر بھی بریفنگ دی گئی۔ ڈائریکٹر جنرل توسیع ڈاکٹر محمد اشرف نے بتایا کہ پنجاب بھر میں بین الاضلاعی چیک پوسٹس قائم کر دی گئی ہیں اور مویشی منڈیوں میں حفاظتی سپرے کیا جا رہا ہے تاکہ بیماری کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔صوبائی وزیر لائیو اسٹاک سید عاشق حسین کرمانی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب لائیو اسٹاک شعبے میں انقلابی اصلاحات کے لیے پرعزم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ محکمہ لائیو اسٹاک کسانوں اور مویشی پال حضرات کو سہولیات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ بیماریوں کے کنٹرول اور لائیو اسٹاک کی پیداوار بڑھانے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہا ہے۔بعد ازاں پولٹری ریگولیشن بارے اجلاس ہوا جس میں سپیشل اسسٹنٹ ٹو سی ایم پنجاب میڈم سلمہ بٹ اور سیکرٹری پرائس کنٹرول اینڈ کمنٹیٹیز مینجمنٹ ڈاکٹر کرن خورشید نے بھی شرکت کی ۔پولٹری سیکٹر کے حوالے سے اجلاس میں قیمتوں کے استحکام پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ اس موقع پر اسپیشل اسسٹنٹ سلمہ بٹ نے زور دیا کہ محکمہ لائیو اسٹاک اور محکمہ پرائس کنٹرول کو پولٹری ریگولیشن کے لیے ریٹیلرز اور سپلائرز کے لیے واضح قواعد و ضوابط مرتب کرنے چاہیں تاکہ صارفین اور فارمرز دونوں کو ریلیف مل سکے۔






