وزیر اعلیٰ پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت 36 ترقیاتی سکیموں کی منظوری کا عمل مکمل،15 اضلاع کے منصوبے شامل

ترقی یافتہ پنجاب کی جانب انقلابی قدم،وزیر اعلیٰ پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت 36 ترقیاتی اسکیموں کی منظوری کا عمل مکمل ہو گیا ہے۔پی اینڈ ڈی ڈیپارٹمنٹ نے کل 15 اضلاع کی تمام مجوزہ سکیموں کی منظوری دے دی ہے۔محکمہ ہاؤسنگ پنجاب کے تحت تمام ترقیاتی اسکیموں پر جلد از جلد کام کا آغاز کیا جائے گا،شیخوپورہ، ننکانہ صاحب، راولپنڈی، فیصل آباد، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، ساہیوال اور ملتان کی اسکیموں کی منظوری لی گئی ہے۔

ڈی جی خان، اوکاڑہ، جھنگ، حافظ آباد، سرگودھا، جہلم اور گجرات کی منظوری کا عمل مکمل کر لیا گیا تھا۔سیکرٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل کی ہدایت پر کام کی رفتار بڑھانے کے لیے سمارٹ ایگزیکیوشن پلان بھی تشکیل دیا گیا ہے۔ترجمان محکمہ ہاؤسنگ کے مطابق ترقیاتی اسکیموں کے تحت واٹر سپلائی اورسیوریج نظام کی از سر نو تعمیرکی جائے گی۔برساتی نالے، فٹ پاتھ اور درکار انفراسٹرکچر تعمیر کیا جائے گا۔اگلے سال مون سون سے قبل ترقیاتی کام مکمل کیے جائیں گے۔سمارٹ ایگزیکیوشن پلان سے وسائل اور وقت کی بچت ممکن بنائی جا سکے گی۔پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کا کام 24 گھنٹے جاری رکھا جائے گا۔رات کے وقت سڑکوں پر کم رش کے باعث کام کی رفتار میں بھی اضافہ ہو گا، ترجمان محکمہ ہاؤسنگ پنجاب کے مطابق شہریوں کے جان و مال کی حفاظت اولین ترجیح ہے۔وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق شہریوں کی سہولت کے پیش نظر فیصلہ کیا گیا ہے۔

جواب دیں

Back to top button