ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد نے کہا ہے کہ خصوصی افراد بے پناہ صلاحیتوں کے مالک ہیں اور معاشرے کی تعمیر وترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، ان کی صلاحیتوں کو نکھارنے کی ضرورت ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت خصوصی افراد کی فلاح و بہبود، تعلیم و تربیت اور انھیں زندگی کی تمام تر ضروریات کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھا رہی ہے

، ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسپورٹس کمپلیکس میں عالمی یوم خصوصی افراد کی تقریب میں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈپٹی میئر کراچی نے کہا کہ آج کا دن خصوصی افراد کی اہمیت کو اجاگر کرنے اوران کی حوصلہ افزائی کے لئے کوششوں کی ضرورت پر زور دیتا ہے۔ہمارا مذہب بھی ہمیں یہی تعلیم دیتا ہے کہ اس حوالے سے ہمیں اپنی ذمہ داریاں پوری کرنی ہیں۔ جن گھروں میں بھی خصوصی افراد موجود ہیں اور ان کی فیملی اور والدین ایک فعال اور بہتر زندگی گزارنے میں ان کی جس طرح مدد کرتے ہیں وہ قابل ستائش ہے، ہمیں یہ سمجھنا چاہیئے کہ خصوصی افراد کسی پر بوجھ نہیں، انہیں ہنرمند بنا کر معاشرے کا مفید فرد بنایا جاسکتاہے۔





