ایل ڈی اے نے جناح مارکیٹ ٹاون شپ کی پہلی نیلامی کے کامیاب اُمیدواروں کو الاٹمنٹ و قبضہ لیٹر دے دیئے ہیں۔وائس چیئرمین ایل ڈی اے میاں مرغوب احمد اورڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق سے جناح مارکیٹ ٹاون شپ کے دکانداروں نے ملاقات کی۔ اس موقع پرپہلی نیلامی میں دکانیں خریدنے والوں کو الاٹمنٹ و قبضہ لیٹر اوربلڈنگ پلان لیٹرز دیئے گئے۔وائس چیئرمین میاں مرغوب احمد، ڈی جی ایل ڈی اے طاہرفاروق نے جناح مارکیٹ کے دکانداروں کو مبارکباددی۔

ڈی جی ایل ڈی اے طاہرفاروق نے کہاکہ پہلی بار ایل ڈی اے نے بلڈنگ پلان بالکل مفت منظور کر کے دیئے ہیں۔جناح مارکیٹ میں سیوریج، ٹف ٹائلز اور دیگر ترقیاتی کام مکمل کیے جا چکے ہیں۔قبضہ حاصل کرنے والے دکاندار فوری دکانوں کی تعمیرشروع کر سکتے ہیں۔ڈی جی ایل ڈی اے نے کہاکہ ایل ڈی اے جناح مارکیٹ ٹاون شپ کے فیز ٹو کی نیلامی رواں ہفتے 10 دسمبر بدھ کو کر رہا ہے۔ٹاؤن شپ کے دکاندار آئندہ نیلامی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔جناح مارکیٹ میں دکانیں حاصل کرنے والے دکانداروں نے مارکیٹ کے متعلق مختلف مسائل سے آگاہ کیا۔ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق نے جناح مارکیٹ کے دکانداروں کے تمام مطالبات منظور کرتے ہوئے ان کے مسائل فوری حل کرنے کی ہدایت کی۔اس موقع پر چیف ٹاؤن پلانر ٹو اظہر علی، ڈائریکٹر آکشن علی بن سہیل اور متعلقہ افسران موجود تھے۔






