واسا لاہور متحرک،شکایات کے بروقت ازالے اور لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام فیز ٹو کی پیش رفت کا جائزہ

منیجنگ ڈائریکٹر واسا لاہور غفران احمد کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام فیز ٹو کی مجموعی پیش رفت اور شہریوں کی شکایات کے بروقت ازالے سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں تمام ڈائریکٹرز نے شرکت کی جبکہ ایکسیئنز بذریعہ ویبنار شریک ہوئے۔

اجلاس کے دوران تمام متعلقہ افسران نے اپنے اپنے علاقوں میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر ایم ڈی واسا کو تفصیلی بریفنگ دی۔اس موقع پر ایم ڈی واسا غفران احمد نے ہدایت کی کہ لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام فیز ٹو کے تحت جاری تمام منصوبوں کی رفتار کو مزید تیز کیا جائے اور ان کی بروقت تکمیل کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ شہریوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی واسا لاہور کی اولین ترجیح ہے اور اس ضمن میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ایم ڈی واسا نے تمام ڈائریکٹرز کو ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبے مقررہ مدت کے اندر اور اعلیٰ معیار کے مطابق مکمل کیے جائیں۔ انہوں نے کارکردگی نہ دکھانے والے افسران پر اظہارِ برہمی کرتے ہوئے سرزنش کی اور واضح کیا کہ نتائج نہ دینے والے افسران کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔اجلاس میں عوامی شکایات کے فوری ازالے پر خصوصی زور دیا گیا۔ ایم ڈی واسا نے ہدایت کی کہ تمام ڈائریکٹرز اور فیلڈ افسران عوامی شکایات کے ازالے کو یقینی بنائیں اور اس میں کسی بھی قسم کی تاخیر ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ ایم ڈی واسا غفران احمد نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت پنجاب کے ویژن کے مطابق واسا لاہور شہریوں کو بہتر، معیاری اور پائیدار سہولیات کی فراہمی کے لیے بھرپور اقدامات جاری رکھے گا۔

جواب دیں

Back to top button