ترقی یافتہ پنجاب کے وژن کے تحت صوبے بھر میں ترقیاتی اقدامات تیزی سے جاری ہیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں کی مؤثر نگرانی کے لیے ایک جدید لائیو ڈیش بورڈ تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں سیکرٹری ہاؤسنگ پنجاب نورالامین مینگل کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈیش بورڈ کی تیاری اور اس کے عملی نفاذ سے متعلق امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔ترجمان کے مطابق ڈیش بورڈ کے ذریعے صوبہ بھر میں جاری ترقیاتی کاموں کی لائیو مانیٹرنگ ممکن ہو سکے گی، جبکہ سیکرٹری ہاؤسنگ خود ڈیش بورڈ کے ذریعے کام کی رفتار اور پیش رفت کی نگرانی کریں گے۔ ڈیش بورڈ میں جدید فیچرز اور اے آئی ٹیکنالوجی کا استعمال بھی کیا جائے گا، جس کے ذریعے فیلڈ افسران اور اہلکار ترقیاتی کاموں سے متعلق رئیل ٹائم ڈیٹا اپلوڈ کر سکیں گے۔ فیلڈ افسران کو ڈیش بورڈ کے مؤثر استعمال کے لیے باقاعدہ تربیت بھی دی جائے گی۔
ترجمان کے مطابق لائیو مانیٹرنگ سسٹم کے ذریعے ترقیاتی منصوبوں کو بروقت اور مؤثر انداز میں مکمل کرنا ممکن ہو سکے گا، جبکہ کام کی رفتار بڑھانے کے لیے بہتر اور فوری فیصلے لینے میں بھی مدد ملے گی۔ ترجمان نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر صوبہ بھر میں ترقیاتی کام بلا تعطل جاری ہیں تاکہ عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔






