وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام فیز 1 اور 2 میں اب تک کی پیش رفت بارے رپورٹ جاری کر دی گئی ہے۔ ترجمان محکمہ ہاؤسنگ کے مطابق ایل ڈی پی فیز 1 کے تحت کل 351 کلومیٹر سیوریج لائن میں سے 349 کلومیٹر مکمل کر لی گئی ہے، جبکہ 448 کلومیٹر واٹر سپلائی لائن میں سے 441 کلومیٹر مکمل ہو چکی ہے۔ واسا کے تحت پہلے فیز کی 365 گلیوں میں سے 364 کا کام مکمل کر لیا گیا ہے جبکہ واسا اور ضلعی انتظامیہ کے تحت فیز 1 کی 1573 گلیوں میں سے 1404 مکمل کی جا چکی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق ایل ڈی پی فیز 2 کے تحت کل 290 کلومیٹر سیوریج لائن میں سے 39 کلومیٹر اور 310 کلومیٹر واٹر سپلائی لائن میں سے 25 کلومیٹر پر کام مکمل کیا جا چکا ہے۔ترجمان محکمہ ہاؤسنگ کے مطابق ایل ڈی پی فیز 1 کے تحت واسا نے 94 فیصد ترقیاتی کام مکمل کر لیا ہے جبکہ فیز 2 میں کل 1554 گلیوں کے سیوریج نظام کی درستگی واسا کرے گی۔ سیوریج نظام کی درستگی کے بعد گلیوں کی تعمیر ضلعی انتظامیہ کے ذریعے مکمل کی جائے گی۔ترجمان کے مطابق وزیرِ اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے تحت ایل ڈی پی فیز 1 نومبر میں مکمل کر لیا جائے گا، جبکہ فیز 2 کی تکمیل کی ڈیڈ لائن اپریل 2026 مقرر کی گئی ہے۔ مزید بتایا گیا کہ مون سون سے قبل تمام ترقیاتی کام مکمل کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں تاکہ شہریوں کو سہولیات کی فراہمی میں کوئی رکاوٹ پیش نہ آئے۔ایل ڈی پی فیز 1 میں گلبرگ زون، راوی زون، نشتر زون، شالیمار زون، گنج بخش زون اور سمن آباد زون شامل ہیں، جبکہ فیز 2 میں واہگہ زون، عزیز بھٹی زون اور علامہ اقبال زون شامل ہیں۔






