میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ ہماری قیادت اس شہر کے دکھ سکھ میں شہریوں کے ساتھ کھڑی ہے، اسی لیے ہمارا روزانہ کا ہدف یہ ہوتا ہے کہ ہمارے فیصلوں، ہمارے قلم اور ہماری زبان سے عوام کو فائدہ پہنچے، کل ڈسٹرکٹ سینٹرل اور آج ڈسٹرکٹ ساؤتھ میں موجود ہونا اس بات کا ثبوت ہے کہ ہم پورے کراچی میں بلا تفریق خدمت پر یقین رکھتے ہیں، یہ ٹاؤن کسی اور کا ہے، ایم این اے اور ایم پی اے کسی اور جماعت سے ہیں، لیکن لوگ ہمارے ہیں اور ان کی خدمت ہماری ذمہ داری ہے، شہر میں سڑکوں کی بندش اور دھرنوں کی وجہ سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، حکومت کی رٹ کو کمزور نہیں ہونے دیا جائے گا۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ سندھ سے مطالبہ کیا کہ سڑکیں بلاک کرنے والوں کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائیں، کیونکہ اپیکس کمیٹی میں اس حوالے سے فیصلہ ہو چکا ہے، مزار قائد کے سامنے والا گراؤنڈ جماعت اسلامی کے لیے دھرنوں کے لیے مختص کردینا چاہئے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع جنوبی شیریں جناح کالونی کی یوسی 12 اور یوسی 13 میں پارکس، ڈسپنسری، سرد خانہ، کمیونٹی سہولیات اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کرنے کے موقع پر کیا، اس موقع پر علاقہ معززین، سٹی کونسل میں پارلیمانی لیڈر کرم اللہ وقاصی، ڈپٹی پارلیمانی لیڈر دل محمد، منتخب نمائندگان اور پارٹی کارکنان بھی موجود تھے، میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ اگر دھرنوں سے مسائل حل ہوتے تو 2014 میں ہی مسائل ختم ہو چکے ہوتے، آئین پاکستان واضح طور پر کہتا ہے کہ سرکاری اداروں اور املاک کو نقصان نہیں پہنچایا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ سیاستدانوں کا کام آپس میں بیٹھ کر معاملات کو حل کرنا ہے، نہ کہ عوام کو مشکلات میں ڈالنا، میئر کراچی نے کہا کہ یہ سال ترقیاتی کاموں کا سال ہے اور بلدیہ عظمیٰ کراچی رواں سال 30 ارب روپے کے ترقیاتی منصوبے شروع کر رہی ہے، جن میں پارکس، شاہراہیں، سڑکیں، گلی محلوں کی بہتری، پلے گراؤنڈز اور بنیادی انفراسٹرکچر شامل ہیں، اور ان منصوبوں کو اسی سال مکمل کرنے کا ہدف رکھا گیا ہے، میئر کراچی نے کہا کہ علاقے کے عوام کی درخواست پر یہاں ڈسپنسری قائم کی گئی ہے تاکہ بنیادی طبی سہولیات لوگوں کو ان کی دہلیز پر میسر آ سکیں۔ اسی طرح ایک اہم انسانی ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے شیریں جناح کالونی میں سرد خانے کا بھی افتتاح کر دیا گیا ہے، جہاں بیک وقت 12 میتیں محفوظ رکھی جا سکتی ہیں، انہوں نے کہا کہ اس سے قبل کلفٹن، ڈی ایچ اے، لیاری اور ملحقہ علاقوں میں سرد خانے کی سہولت موجود نہیں تھی، جس کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا تھا، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ یوسی 12 میں واقع شیریں جناح پارک ماضی میں کچرے کا ڈھیر اور قبضے کی زد میں تھا، جسے مکمل طور پر بحال کر کے عوام کے لیے کھول دیا گیا ہے اور اب اسے علاقے کے لوگوں کے حوالے کر دیا گیا ہے تاکہ وہ خود اس کی حفاظت کریں۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کے دوران عوام سے وعدہ کیا تھا کہ یہاں کے مسائل حل کیے جائیں گے اور آج وہ وعدے پورے ہو رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ کے ایم سی کے دیگر سرد خانے عباسی شہید اسپتال اور لانڈھی میڈیکل کمپلیکس میں بھی فعال کر دیے گئے ہیں۔ پانی کی فراہمی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے میئر کراچی نے بتایا کہ علاقے کے آر او پلانٹ کو مکمل طور پر فعال کر دیا گیا ہے، جہاں سے یومیہ ڈیڑھ لاکھ گیلن میٹھا پانی فراہم کیا جا رہا ہے۔ یہ تمام کام بلدیہ عظمیٰ کراچی نے اپنے وسائل استعمال کرتے ہوئے انجام دیے ہیں، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ شیریں جناح کی گرین بیلٹ کی خستہ حالی کا خاتمہ کیا جا رہا ہے اور اگلے دو سے ڈھائی ماہ میں اسے مکمل طور پر بحال کر کے عوام کو بہتر تفریحی مواقع فراہم کیے جائیں گے، آباد اور تجاوزات کے معاملے پر بات کرتے ہوئے میئر کراچی نے کہا کہ جیسے ہی یہ معاملہ میڈیا پر آیا، وزیر اعلیٰ سندھ نے فوری طور پر بلڈرز کو طلب کیا، اس اجلاس میں وزیر داخلہ سندھ، آئی جی سندھ اور میں خود موجود تھا۔ وزیر داخلہ نے بلڈرز کو مکمل تحفظ اور تعاون کی یقین دہانی کروائی جبکہ جن شکایات پر پولیس کارروائی ضروری تھی وہ عمل میں لائی جا چکی ہے۔آخر میں انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا ہر کارکن کراچی کی خدمت میں مصروف ہے اور ہمارا عزم ہے کہ اس شہر کو دوبارہ ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کیا جائے۔
Read Next
20 گھنٹے ago
*میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے شیریں جناح کالونی میں حماد اعوان شہید پارک کا افتتاح کردیا*
3 دن ago
مون سون سیزن میں کے ایم سی متحرک رہے گی،کرم اللہ وقاصی
3 دن ago
کراچی کے صنعتی انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے 9.281 ارب روپے کے ترقیاتی پیکیج پر عملدرآمد کا آغاز
4 دن ago
میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کا تیسرے روز بھی نالوں کی صفائی کے کام کا معائنہ،مون سون سے قبل تمام انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت
4 دن ago
ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد سے سندھ بھر کی مختلف اقلیتی برادریوں کے نمائندوں پر مشتمل وفد کی ملاقات
Related Articles
میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا نالوں کی صفائی کی مؤثر نگرانی کا فیصلہ، ڈرون ٹیکنالوجی استعمال کرنے کا اعلان
5 دن ago
میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا ٹی پی ون کا دورہ،سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ جلد فعال کرنے کا اعلان
5 دن ago



