کمشنر لاہور مریم خان کی زیر صدارت رمضان سہولت بازار و مارکیٹس میں پرائس کنٹرول میکانزم کے حوالے سے ٹاون ہال میں تمام مجسٹریٹس و پیرا فورس کے ساتھ اہم سیشن منعقد ہوا۔ کمشنر لاہور مریم خان نے سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیشن اتھارٹی(پیرا فورس ) کا فوکس صرف پرائس چیکنگ پر ہوگا،

تمام اے سیز، پرائس مجسٹریٹس، پیرا فورس ایس ڈی ای اوز مارکیٹس و بازاروں میں موجود ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ سہولت بازاروں سمیت عام مارکیٹس میں قیمتوں اور معیار خلافورزی پر کوئی سمجھوتہ نہیں، شہری قیمت ایپ پر شکایت درج کرائیں فوری ایکشن ہوگا۔ کمشنرلاہور نے کہا کہ لاہور میں 31 سہولت بازار قائم ہوچکے ہیں مکمل فعال ہیں، لاہور میں 90 سے زائد پرائس کنٹرول مجسٹریٹس ہر مارکیٹ اور بازار کو چیک کریں گے، رمضان المبارک میں سرکاری نرخناموں کے اطلاق و نفاذ کیلئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں چھوڑا جائیگا۔ اس موقع پر ڈی سی لاہور کیپٹن ر علی اعجاز نے کہا کہ رمضان نگہبان کارڈ کی تقسیم ڈور ٹو ڈور اور کیمپس میں چل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان سہولت بازار لگائے گئے ہیں، اشیائے ضروریہ قیمتوں سے 10 فیصد سبسڈی پر مل رہی ہے، مخیرحضرات کی مدد سے ہر تحصیل میں کم از کم 2 دسترخوان بھی لگائے جا رہے ہیں۔ ڈی سی لاہور نے کہا کہ انتظامیہ کا کنٹرول روم بھی فعال ہے، شہری کنٹرول روم نمبر 03070002345 یا سوشل میڈیا پر رابطہ کرسکتے ہیں، شہری دفتر میں آ کر بھی تجاویز اور شکایات درج کروا سکتے ہیں، ضلعی انتظامیہ لاہور شہریوں کی سہولت کیلئے کوشاں ہے۔






