وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق عوام کو مہنگائی سے بچانے اور ریلیف کی فراہمی کے لیے ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز کی زیرِ قیادت ضلعی انتظامیہ لاہور نے بھرپور اقدامات کا آغاز کر دیا ہے،

جس کے نتیجے میں شہر کی منڈیوں میں سبزیوں کی قیمتوں میں واضح کمی کا رجحان دیکھا جا رہا ہے۔ ڈی سی لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز کی جانب سے منڈیوں میں بولی کے عمل کی مسلسل مانیٹرنگ اور سخت نگرانی کی بدولت قیمتوں میں استحکام آ رہا ہے، جس کے تحت آلو کی قیمت 21 روپے سے کم ہو کر 20 روپے، پیاز 60 روپے سے کم ہو کر 58 روپے اور ٹماٹر 85 روپے سے کم ہو کر 80 روپے کی سطح پر آ گیا ہے، جبکہ بھنڈی سمیت دیگر سبزیوں اور پھلوں کی قیمتیں بھی مستحکم رہی ہیں۔ ڈپٹی کمشنر لاہور نے ان ہدایات کو سختی سے نافذ کرنے کا حکم دیا ہے کہ قیمتوں میں اس کمی کے ثمرات براہِ راست عوام تک پہنچائے جائیں، جس کے لیے پرچون کی سطح پر ناجائز منافع خوروں کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کر دیا گیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ لاہور نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو فیلڈ میں متحرک کر دیا ہے تاکہ سپلائی چین پر کڑی نظر رکھی جا سکے اور شہریوں کو سبزیوں و پھلوں کی مقررہ سرکاری نرخوں پر دستیابی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔ اس موقع پر ڈی سی لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کی روشنی میں عوام کو سستی اور معیاری اشیاء خوردونوش کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے منڈیوں میں بولی کے عمل کی نگرانی کو مزید سخت کیا جا رہا ہے تاکہ کسی بھی سطح پر مصنوعی مہنگائی کا راستہ روکا جا سکے۔






