وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل خان آفریدی کی زیر صدارت سالانہ ترقیاتی پروگرام 2026-27 سے متعلق اجلاس!

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی نے آئندہ سالانہ ترقیاتی پروگرام میں صوبہ بھر میں ماڈل سکولز و کالجز کے قیام کے لیے منصوبہ تجویز کرنے کی ہدایت کی۔وزیر اعلیٰ نے صوبے کے ذہین طلبہ کے لیے بین الاقوامی اعلیٰ شہرت یافتہ یونیورسٹیوں میں سکالرشپس فراہم کرنے کے لیے بھی اقدامات کی ہدایت بھی کی۔ وزیراعلیٰ نے اجلاس کو بتایا کہ صوبے کے ذہین طلبہ کے بین الاقوامی اعلیٰ تعلیمی اداروں میں تعلیمی اخراجات خیبرپختونخوا حکومت برداشت کرے گی۔خیبر پختونخوا کے نوجوانوں میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے، انہیں مواقع فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔ نوجوان ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں ، ان پر بھرپور سرمایہ کاری کر رہے ہیں۔ سالانہ ترقیاتی پروگرام 2026-27 صوبے کی ہمہ جہت ترقی کا روڈ میپ ہوگا۔نئے ترقیاتی منصوبوں میں روزگار کے مواقع، تعلیم، صحت اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کو اولین ترجیح دی جائے گی۔آئندہ مالی سال کے دوران 218 ہائی پریاریٹی پراجیکٹس مکمل کیے جائیں گے۔

متعلقہ حکام کی طرف سے وزیراعلیٰ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ مالی سال 2026-27 کے ترقیاتی پروگرام کے تحت 80 فیصد رقم جاری جبکہ 20 فیصد رقم نئے ترقیاتی منصوبوں کے لیے مختص کی جائے گی۔ترقیاتی پروگرام میں مختلف شعبوں میں نئے 39 سگنیچر منصوبے تجویز ہیں۔ اگلے سال کے ترقیاتی پروگرام میں ضم اضلاع کے لیے ایک ہزار ارب روپے کا روشن قبائل پیکج شامل ہے۔ ہیلتھ سٹی کا قیام ، احساس جنگل پروگرام ، ٹرائیبل میڈیکل کالج کا قیام بھی اگلے ترقیاتی پروگرام کا حصہ ہیں۔ ورچوئل کلاس رومز، بیگ فری سکولز اور سکولوں میں آرٹیفیشل انٹیلیجنس کریکولم اگلے ترقیاتی پروگرام میں شامل ہے۔ ٹرائیبل یونیورسٹی اور اپر چترال کے لیے انٹیگریٹڈ ڈویلپمنٹ پیکج بھی اے ڈی پی میں شامل ہے۔ پناہ گاہ نیٹ ورک کی توسیع ، زمونگ کور نیٹ ورک اور خصوصی بچوں کے لیے سکولوں کا قیام بھی شامل ہے۔ معذور افراد کے لیے خود روزگاری منصوبہ اور خیبر سفاری ٹرین اگلے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں تجویز، بی آر ٹی کی ڈویژنل توسیع، سیف سٹیز کی تکمیل اور سائبر سیکیورٹی آپریشن سنٹر اے ڈی پی میں شامل کرنے کی تجویز پر بھی غور کیا گیا۔

جواب دیں

Back to top button