*میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے لیاری ٹاؤن میں 40 کروڑ کی لاگت سے مرزا آدم خان روڈ کی تعمیر و بحالی منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔*

کراچی(بلدیات ٹائمز)میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے لیاری ٹاؤن میں 40 کروڑ روپے کی لاگت سے مرزا آدم خان روڈ کی تعمیر و بحالی منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا ہے، اس موقع پر ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد، ایم پی اے یوسف بلوچ،جنرل سیکریٹری کراچی ڈویژن رؤف ناگوری، کے ایم سی سٹی کونسل کے پارلیمانی لیڈر کرم اللہ وقاصی، ڈپٹی پارلیمانی لیڈر دل محمد، سٹی کونسل کے اراکین، شکیل چوہدری، لیاری ٹاؤن کے چیئرمین، وائس چیئرمین، منتخب نمائندے، تنظیم کے عہدیداران سمیت دیگر بھی موجود تھے، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ منصوبے میں مرزا آدم خان روڈ کی تعمیر و مرمت کے ساتھ ساتھ نکاسی آب کے نظام کی بہتری بھی شامل ہے، پیکیج 03 کے تحت سڑک اور ڈرینیج کے جدید کاموں کا باقاعدہ آغاز کردیا گیا ہے،منصوبے کے تحت گارڈن سے مرزا پور روڈ تک سڑک کی بحالی کو ضلع جنوبی میں ایک اہم پیشرفت قرار دیا جا رہا ہے، اس منصوبے کی تکمیل سے شہریوں کو بہتر سفری سہولتیں میسر آئیں گی،انہوں نے بتایا کہ 4.48 کلومیٹر طویل ڈوئل کیرج وے سڑک تعمیر کی جائے گی جبکہ 26 فٹ چوڑی سڑک ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوگی، اس کے علاوہ 4.61 کلومیٹر طویل ڈرینیج لائن کی تنصیب بھی منصوبے میں شامل ہے تاکہ بارش کے پانی کی نکاسی کا مؤثر نظام قائم کیا جاسکے،4 فٹ چوڑی نکاسی آب لائن اور 18 انچ قطر کی سیوریج لائن بچھانے کا کام بھی منصوبے کا حصہ ہے جس سے علاقے میں سیوریج کے مسائل میں نمایاں کمی آئے گی،لیاری کے انفراسٹرکچر کو جدید خطوط پر استوار کیا جارہا ہے اور پسماندہ علاقوں کی ترقی اولین ترجیح ہے،میئر کراچی نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں میں معیار اور شفافیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا جبکہ بلدیہ عظمیٰ کراچی شہریوں کو جدید اور معیاری سہولتیں فراہم کرنے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ یہ منصوبہ لیاری ٹاؤن اور صدر ٹاؤن کے عوام کا دیرینہ مطالبہ تھا جسے اب عملی شکل دی جا رہی ہے،مرزا آدم خان روڈ ایک اہم شاہراہ ہے جو ماڑی پور روڈ اور گارڈن کے علاقوں کو آپس میں منسلک کرتی ہے اور روزانہ ہزاروں شہری اس سڑک کو آمد و رفت کے لیے استعمال کرتے ہیں،انہوں نے بتایا کہ

اولڈ سٹی ایریا، ماڑی پور روڈ اور چاکیواڑہ میں ٹریفک کے دباؤ کے دوران یہ سڑک متبادل راستے کے طور پر استعمال ہوتی ہے تاہم بدقسمتی سے اس کی حالت انتہائی خراب ہو چکی تھی جس کی بہتری ناگزیر تھی،انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر لیاری ٹرانسفارمیشن پروجیکٹ کا آغاز کیا گیا ہے جس کے پہلے مرحلے پر تقریباً 5 ارب روپے لاگت آئے گی،لیاری میں کے تھری واٹر لائن پر کام تیزی سے جاری ہے اور 30 جون سے قبل پانی کے مسائل حل کرنے کے لیے اس منصوبے کو مکمل کر لیا جائے گا جبکہ مرزا آدم خان روڈ کی تعمیر بھی اسی مدت میں مکمل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے،انہوں نے کہا کہ شہر کو مختلف چیلنجز اور مشکلات کا سامنا ہے تاہم پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت، صدر پاکستان آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی رہنمائی میں عوام کی خدمت کے لیے پرعزم ہے اور وعدوں کی تکمیل تک جدوجہد جاری رکھی جائے گی،میئر کراچی نے کہا کہ کے ایم سی کے اسپنسر آئی اسپتال کی بحالی پر بھی کام جاری ہے اور اپریل سے وہاں او پی ڈی کا باقاعدہ آغاز کر دیا جائے گا جہاں آنکھوں کے آپریشن سمیت تمام سہولیات مفت فراہم کی جائیں گی،ماضی میں اس اسپتال کی حالت خراب کر دی گئی تھی جسے اب بہتر بنایا جا رہا ہے،انہوں نے کہا کہ لی مارکیٹ کی بہتری کے لیے بھی اقدامات جاری ہیں اور 30 جون سے قبل اسے بہتر بنا دیا جائے گا جبکہ علاقے میں ایک نئی فوڈ اسٹریٹ بھی قائم کی جا رہی ہے جہاں شہریوں کو مقامی کھانے دستیاب ہوں گے،پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ اپنے کارکنان کو یاد رکھتی ہے اور مشکل وقت میں ساتھ دینے والوں کو کبھی تنہا نہیں چھوڑا جاتا،میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ وہ تنظیم اور ساتھیوں کے ساتھ بیٹھ کر مسائل حل کریں گے اور کارکنان کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھا جائے گا،انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری شہر کے مسائل کے حل کے لیے خود متحرک ہیں اور بہتری کے اقدامات کی نگرانی کر رہے ہیں، وزیراعظم کے حالیہ دورے سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ اس بارے میں وزیراعظم کے ترجمان ہی بہتر جواب دے سکتے ہیں جبکہ وہ خود بلاول بھٹو زرداری کے ترجمان کے طور پر بات کر رہے ہیں،انہوں نے کہا کہ لیاری میں بے نظیر بھٹو اور اے این ایف کے ڈرگ ری ہیبلی ٹیشن سینٹرز موجود ہیں اور منشیات کے عادی افراد کے خلاف جلد بڑا کریک ڈاؤن کیا جائے گا،کراچی کی تاریخ کھارادر سے جڑی ہوئی ہے جہاں شہر کی پہلی پیدائش اور موت کا ریکارڈ موجود ہے، ان کا کہنا تھا کہ کچھ عناصر شہر کی ترقی کے مخالف ہیں اور ماضی میں ان کے اقدامات نے کراچی کا حلیہ تبدیل کر دیا، سڑکوں کو کمرشلائز کیا گیا اور مختلف بے ضابطگیاں کی گئیں،میئر کراچی نے کہا کہ اب شہر میں ترقیاتی کاموں کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے جس سے بعض عناصر کو پریشانی ہو رہی ہے، انہوں نے کہا کہ میں نے اربوں روپے کے اخراجات کا حساب دیا ہے جبکہ منافقین اپنے فنڈز کے استعمال کی تفصیلات کیوں نہیں بتاتے، خاص طور پر روڈ کٹنگ، ایڈورٹائزمنٹ اور ٹریڈ لائسنس سے حاصل ہونے والی آمدنی کہاں خرچ ہو رہی ہے، انہوں نے کہا کہ منافقت اس شہر میں نہیں چلتی انہوں نے اس شہر کا بیڑہ غرق کر دیا ہے،وال چاکنگ کرنا، جھنڈے لگانا سارے کام انہوں نے کیے ہیں، لاہور میں چندے پر جلسے ہورہے ہیں، قاضی اپوزیشن کبھی بھی حکومت سے مطمئن نہیں ہوگی، انہوں نے کہا کہ ریاستی ادارے ملک کے اپنے ادارے ہیں اور ان سے مدد طلب کرنا کوئی غلط بات نہیں،معاشرے میں انصاف کا نظام مضبوط ہونا چاہیے اور قانون کی بالادستی کے بغیر ترقی ممکن نہیں۔

جواب دیں

Back to top button