محکمہ بلدیات کی زیر نگرانی "مریم نواز کا سوہنا پنجاب” پروگرام کے تحت 51 شہروں میں ترقیاتی کام شروع کر دیا گیا ہے۔ سڑک کنارے 358 زیر زمین واٹر ٹینکس کی تعمیر کے لئے کھدائی بیشتر مقامات پر ہوچکی ہے۔ یہ تفصیلات وزیر بلدیات ذیشان رفیق کی زیر صدارت پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ڈی پی) کے ایک جائزہ اجلاس کے دوران سامنے آئیں۔ پراجیکٹ ڈائریکٹر پی ڈی پی احمر سہیل کیفی نے اب تک کی پیشرفت پر بریفنگ دی۔ اجلاس میں سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد میاں، سپیشل سیکرٹری آسیہ گُل، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ بورڈ طارق فروکہ اور متعلقہ اسسٹنٹ پراجیکٹ ڈائریکٹرز نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔
وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا کہ پی ڈی پی کا زیادہ فوکس اربن فلڈنگ کے خطرات کم سے کم کرنا ہے۔ 34 زیرزمین واٹر ریچارج ٹینک 32 ملین گیلن پانی ذخیرہ کریں گے جبکہ 324 روڈ سائیڈ ٹینکس میں 62 ملین گیلن بارانی پانی جمع کرنے کی صلاحیت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ گلیوں، سڑکوں کی تعمیر اور سٹریٹ لائٹس کی تنصیب بھی کی جائے گی۔ محکمہ بلدیات51 شہروں میں میونسپل سروسز کی سکیمیں مکمل کرے گا۔ پہلی بار پنجاب کے 200 شہروں کی ماسٹر پلاننگ کی گئی ہے۔ پنجاب میونسپل ڈویلپمنٹ فنڈ کمپنی (پی ایم ڈی ایف سی) نے زبردست ڈیٹابیس تیار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام پلاننگ اگلے 25 سال کی آبادی مدنظر رکھ کر کی گئی ہے۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ

وزیراعلی مریم نواز کی ہدایت پر اگلے مرحلے میں دیگر شہروں میں بھی منصوبوں کا آغاز ہوگا۔ لائننگ پائپ کے پلانٹس نصب ہوتے ہی سیوریج سکیموں کا آغاز ہو جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ شفاف ای ٹینڈرنگ کے ذریعے 25 ارب روپے کی بچت ہوئی ہے جو اسی پروگرام پر خرچ کئے جائیں گے۔ پی ڈی پی کے تحت 56 نئے ڈسپوزل سٹیشن بنیں اور 61 بحال ہونگے۔ تمام ڈسپوزل سٹیشنز کو سولرائزڈ کیا جائے گا۔ مختلف علاقوں میں جاری بارشوں کے سلسلے کا ذکر کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے تمام سائٹس پر سیفٹی اقدامات کا لازمی خیال رکھنے کی ہدایت بھی کی۔





