میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے شہر بھر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لینے کے لیے رات گئے مختلف علاقوں کا تفصیلی دورہ کیا اور متعلقہ حکام کو کام کی رفتار تیز کرنے اور معیار یقینی بنانے کی ہدایات جاری کیں،میونسپل کمشنر کے ایم سی ابرار جعفر، بلدیہ عظمیٰ کے افسران اور صحافیوں کا وفد بھی ان کے ہمراہ تھا، دورے کا آغاز صدر ٹاؤن سے کیا گیا جہاں میئر کراچی نے جاری ترقیاتی کاموں کا معائنہ کرتے ہوئے واضح کیا کہ تمام منصوبے مقررہ مدت میں مکمل کیے جائیں گے،
انہوں نے ہدایت دی کہ شہر بھر میں جاری کاموں کو ہر صورت 15جون تک مکمل کیا جائے تاکہ شہریوں کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں،اولڈ سٹی ایریا میں میسم لی اسٹریٹ کی بحالی کے کام کا جائزہ لیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دورے کا مقصد کام کی رفتار اور شفافیت کو عوام کے سامنے لانا ہے، ان کا کہنا تھا کہ متعلقہ سڑک ٹاؤن کی حدود میں آتی ہے تاہم شہری سہولت کے پیش نظر بلدیہ عظمیٰ کراچی اس پر کام کروا رہی ہے جبکہ انفراسٹرکچر کی بہتری پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا،بعد ازاں انہوں نے ایس ایم توفیق روڈ، صہبا اختر روڈ اور جہانگیر روڈ سمیت اہم شاہراہوں کا دورہ کیا اور جاری کاموں کا تفصیلی معائنہ کیا، اس موقع پر انہوں نے ہدایت کی کہ منصوبوں کو جلد از جلد مکمل کیا جائے اور معیار پر خصوصی توجہ دی جائے، صہبا اختر روڈ کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ اس منصوبے پر تقریباً دو سو ملین روپے لاگت آ رہی ہے اور روزانہ بڑی تعداد میں شہری اس سڑک سے گزرتے ہیں، اس لیے اس کی بحالی ناگزیر تھی، انہوں نے کہا کہ کام کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے کنسلٹنٹس مقرر کیے گئے ہیں اور وہ خود ان منصوبوں کی نگرانی کر رہے ہیں،میئر کراچی نے ضلع ایسٹ، نارتھ ناظم آباد بلاک جے، شادمان ٹاؤن، نارتھ کراچی سیکٹر فائیو ایل اور کورنگی ٹاؤن کے مختلف علاقوں کا بھی دورہ کیا جہاں سڑکوں، پارکس اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا گیا، عظیم پورہ فلائی اوور کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ رواں سال کو ترقیاتی کاموں کی تکمیل کا سال بنایا جا رہا ہے اور شہر کے تمام ٹاؤنز میں نمایاں بہتری نظر آئے گی،بلدیہ عظمیٰ کراچی اس سال تقریباً اڑسٹھ ارب روپے ترقیاتی منصوبوں پر خرچ کرے گی جبکہ مختلف ادارے اپنی حدود میں رہتے ہوئے کام کر رہے ہیں تاکہ شہر کی مجموعی صورتحال بہتر ہو سکے،انہوں نے کہا کہ عظیم پورہ فلائی اوور کو سو دن سے بھی کم عرصے میں مکمل کیا جائے گا جبکہ شاہراہ بھٹو پر بھی تیزی سے کام جاری ہے، قیوم آباد سے کاٹھور تک سڑکوں کی بہتری کے منصوبوں پر پیشرفت جاری ہے اور جلد اہم منصوبے عوام کے لیے کھول دیے جائیں گے، ایک اور منصوبہ بھی شروع کیا جا چکا ہے جو شاہراہ بھٹو کو بندرگاہ سے منسلک کرے گا،پانی کی فراہمی کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ واٹر بورڈ نے حب ڈیم سے پانی کے کوٹے میں اضافے کی سمری وزیر اعلیٰ سندھ کو ارسال کر دی ہے جبکہ حب ڈیم کی نئی کینال مکمل طور پر فعال ہو چکی ہے، میئر کراچی کا کہنا تھا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی شہر کی بہتری کے لیے عملی اقدامات کررہی ہے اور شہریوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے جبکہ ترقیاتی کاموں کا یہ سلسلہ جاری رکھا جائے گا اور جلد شہر میں مثبت تبدیلی نظر آئے گی۔





