ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد کا چڑیا گھر کا دورہ،انتظامات کا تفصیلی جائزہ،بہتری کیلئے ہدایات

ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد نے کراچی چڑیا گھر کا دورہ کیا اور جانوروں کی خوراک، دیکھ بھال اور صفائی ستھرائی کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ دورے کے دوران ڈائریکٹر زو اخلاق احمد یوسفزئی نے ڈپٹی میئر کراچی کو بریفنگ دی، اس موقع پر ڈپٹی میئر کراچی نے چڑیا گھر میں جانوروں کی بہتر نگہداشت کے لیے اقدامات مزید تیز کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ گرمی کے موسم میں جانوروں کی خوراک اور پانی کی فراہمی کا مناسب انتظام ہر صورت یقینی بنایا جائے جبکہ صفائی ستھرائی کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جائے، ان کا کہنا تھا کہ جانوروں کی خوراک کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد نے شہریوں کے لیے بہتر ماحول اور سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کراچی چڑیا گھر کی بہتری کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے شہریوں کو بہترین تفریحی سہولیات فراہم کرنا ان کی ذمہ داری ہے اور عروس البلاد کراچی کو چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے وژن کے تحت مزید ترقی دی جائے گی،انہوں نے کہا کہ چڑیا گھر میں جانوروں کے لیے جدید اور معیاری سہولیات کی فراہمی کے لیے مرحلہ وار منصوبہ بندی کی جا رہی ہے تاکہ عالمی معیار کے مطابق انتظامات کو بہتر بنایا جا سکے، ان کے مطابق ادارے کی کارکردگی میں بہتری لانے کے لیے مانیٹرنگ کا نظام بھی مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے،ڈپٹی میئر کراچی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شہریوں کو صحت مند اور محفوظ تفریحی ماحول فراہم کرنا اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے متعلقہ اداروں کو مسلسل بہتری کی ہدایت دی جا رہی ہے تاکہ کراچی چڑیا گھر کو ایک مثالی تفریحی مقام بنایا جا سکے۔

جواب دیں

Back to top button