احتساب کا عمل تیز،پنجاب کے41 اضلاع میں قائم واسا ایجنسیوں کے ریونیو ریکوری دفاتر کو جلد فعال کیا جائے،سیکرٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل

سیکرٹری ہاؤسنگ پنجاب نورالامین مینگل کی زیر صدارت محکمانہ امور کے حوالے سے ایک خصوصی اجلاس منعقد ہوا، جس میں محکمانہ احتساب، عوامی شکایات کے ازالے اور واسا ایجنسیوں کی کارکردگی سے متعلق مختلف امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں سپیشل سیکرٹری ہاؤسنگ وقار عظیم نے محکمانہ احتساب بورڈ اور گریونس ریڈریسل کمیٹیوں میں زیر التوا کیسز کے حوالے سے بریفنگ دی۔ سیکرٹری ہاؤسنگ نے ہدایت کی کہ تمام کیسز کو جلد از جلد میرٹ پر نمٹایا جائے تاکہ شفافیت اور ادارہ جاتی نظم و ضبط کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔سیکرٹری ہاؤسنگ پنجاب نے ہدایت کی کہ پنجاب بھر کے 41 اضلاع میں قائم واسا ایجنسیوں کے ریونیو ریکوری دفاتر کو جلد فعال کیا جائے، جبکہ ریونیو ریکوری کے عمل کو مؤثر بنانے کیلئے صوبائی سطح پر جدید مانیٹرنگ ڈیش بورڈ بھی تشکیل دیا جائے۔اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ ریسورس ڈائریکٹوریٹ میں ڈائریکٹر، ڈپٹی ڈائریکٹرز اور انسپکٹرز کی تعیناتی عمل میں لائی جائے گی تاکہ ریونیو اور انتظامی امور کی نگرانی کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔سیکرٹری ہاؤسنگ نے کہا کہ تمام اضلاع میں فیلڈ آپریشنز کیلئے بڑے پیمانے پر جدید واسا مشینری فراہم کی جا رہی ہے تاکہ شہریوں کو بہتر سہولیات مہیا کی جا سکیں اور نکاسی آب سمیت دیگر مسائل کا بروقت حل یقینی بنایا جا سکے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ شہریوں کی شکایات کا فوری ازالہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور اس حوالے سے کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔سیکرٹری ہاؤسنگ پنجاب نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق واسا ایجنسیوں کو دن بہ دن مزید مستحکم کیا جا رہا ہے تاکہ شہریوں کو جدید، مؤثر اور معیاری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

جواب دیں

Back to top button