پولیو بوسٹر ڈوز مہم کا آغاز،20 لاکھ بچوں کو حفاظتی خوراک دی جائے گی،میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب

میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے لیاری انٹرنیشنل فٹبال اسٹیڈیم میں پولیو بوسٹر ڈوز کی افتتاحی تقریب میں خصوصی انسداد پولیو مہم کا افتتاح کردیا، پولیو بوسٹر ڈوز مہم کے تحت 4 ماہ سے 10 سال تک کے بچوں کو پولیو کے خلاف مؤثر تحفظ فراہم کیا جائے گا، اس مہم میں بغیر درد جیٹ انجیکٹر کے ذریعے بچوں کو بوسٹر ڈوز دی جائے گی، افتتاحی تقریب کے دوران میئر کراچی نے بچوں کو اپنے ہاتھوں سے انسداد پولیو کے قطرے پلائے، اس موقع پر کے ایم سی سٹی کونسل میں پارلیمانی لیڈر کرم اللہ وقاصی، محکمہ صحت، ای او سی اور دیگر متعلقہ اداروں کے افسران بھی موجود تھے، مہم کے دوران کراچی بھر میں 20 لاکھ بچوں کو پولیو بوسٹر ڈوز دی جائے گی تاکہ انہیں موذی مرض اور ممکنہ معذوری سے محفوظ بنایا جا سکے۔میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پولیو کے خاتمے کے لیے ہر بچے تک ویکسین کی رسائی یقینی بنائی جا رہی ہے اور پولیو فری کراچی کے لیے اجتماعی کوششیں ناگزیر ہیں، انہوں نے کہا کہ لیاری سمیت شہر بھر میں انسداد پولیو مہم کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے تاکہ کوئی بھی بچہ حفاظتی ویکسین سے محروم نہ رہے۔ انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو لازمی پولیو کے قطرے پلوائیں اور منفی پروپیگنڈے پر کان نہ دھریں،انہوں نے کہا کہ سرکاری اور نجی اسپتالوں میں استعمال ہونے والی ویکسین ایک ہی معیار کی حامل ہے جبکہ عالمی ادارہ صحت اور ماہر ڈاکٹرز بھی اس ویکسین کو محفوظ قرار دے چکے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ میں اور ڈپٹی میئر نے خود بھی بوسٹر ڈوز لگوا کر عوام کو اعتماد کا پیغام دیا ہے، میئر کراچی نے شہریوں پر زور دیا کہ آئندہ بارہ سے تیرہ روز کے دوران پولیو ٹیموں سے مکمل تعاون کریں تاکہ پاکستان کو ہمیشہ کے لیے پولیو فری بنایا جاسکے،تقریب کے دوران محکمہ صحت کے حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ خصوصی بوسٹر ڈوز مہم کے لیے شہر بھر میں سینکڑوں موبائل اور فکسڈ ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو مختلف علاقوں، اسکولوں، اسپتالوں اور کمیونٹی سینٹرز میں خدمات انجام دیں گی، حکام کے مطابق مہم کا مقصد بچوں کو پولیو وائرس سے محفوظ بنانے کے ساتھ ساتھ والدین میں آگاہی پیدا کرنا بھی ہے تاکہ انسداد پولیو پروگرام کو مزید مؤثر بنایا جا سکے،میئر کراچی نے اس موقع پر کہا کہ صحت مند اور محفوظ مستقبل کے لیے پولیو کا مکمل خاتمہ ناگزیر ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے تمام متعلقہ ادارے متحد ہو کر کام کر رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ کراچی جیسے بڑے شہر میں ہر بچے تک رسائی ایک چیلنج ضرور ہے تاہم حکومت، بلدیاتی ادارے اور طبی عملہ بھرپور محنت کے ساتھ اس قومی فریضے کو انجام دے رہے ہیں تاکہ آنے والی نسلوں کو معذوری سے محفوظ رکھا جا سکے۔

جواب دیں

Back to top button