وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے "صحت مند پنجاب” وژن کی روشنی میں شہریوں کو بہرین معیار کی طبی سہولیات فراہم کرنے اور بیماریوں کی بروقت تشخیص کے ذریعے ایک توانا معاشرے کی تشکیل کے لیے ضلعی انتظامیہ لاہور اپنے تمام تر انتظامی اور تیکنیکی وسائل کو متحرک کر چکی ہے تاکہ سرکاری ہسپتالوں پر عوام کے اعتماد کو مزید پختہ کیا جا سکے۔ اسی مقصد کی تکمیل کے لیے ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے کاہنہ نو ٹی ایچ کیو ہسپتال کا دورہ کیا جہاں انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب کے خصوصی اسکریننگ کیمپ کا باقاعدہ افتتاح کیا اور ہسپتال کے مختلف وارڈز، ایمرجنسی بلاکس اور تشخیصی سیکشنز میں مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی خدمات کا گہرائی سے جائزہ لیا۔ دورے کے دوران ہسپتال انتظامیہ اور محکمہ صحت کے افسران نے ڈپٹی کمشنر کو اسکریننگ کیمپ کی فعالیت پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے آگاہ کیا کہ اس خصوصی اقدام کے تحت شہریوں کو تمام ضروری لیبارٹری ٹیسٹ اور اسکریننگ کی سہولیات بالکل مفت فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ غریب اور متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے افراد کو مہنگی نجی لیبارٹریوں کے بوجھ سے بچایا جا سکے اور ان کی بیماریوں کی قبل از وقت تشخیص کر کے علاج کے عمل کو سہل بنایا جا سکے
۔ کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے معائنے کے دوران واضح ہدایات جاری کیں کہ ہسپتال کے ہر شعبے اور وارڈ میں صفائی ستھرائی کے اعلیٰ ترین معیار برقرار رکھے جائیں اور انفیکشن کنٹرول کے پروٹوکولز پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے کیونکہ صفائی کا بہترین نظام ہی مریضوں کی جلد صحت یابی میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔ انہوں نے اسکریننگ کیمپ میں آنے والے بزرگوں، خواتین اور بچوں کی مکمل رہنمائی کے لیے خصوصی ڈیسک قائم کرنے کا حکم دیا اور انتظامیہ کو سختی سے تنبیہ کی کہ ہسپتال کی تمام تشخیصی اور ٹیسٹ مشینیں ہمہ وقت فعال رہنی چاہئیں اور کسی بھی مشین کی خرابی کی صورت میں متبادل انتظامات فوری طور پر موجود ہونے چاہئیں تاکہ شہریوں کے قیمتی وقت کا زیاں نہ ہو۔ ڈپٹی کمشنر نے ڈاکٹرز، نرسنگ اسٹاف اور پیرا میڈیکل عملے کے ڈیوٹی روسٹرز کا معائنہ کرتے ہوئے ہدایت کی کہ تمام عملہ اپنی حاضری کو سو فیصد یقینی بنائے اور مریضوں کے ساتھ انتہائی ہمدردانہ اور پیشہ ورانہ رویہ اختیار کرے کیونکہ سرکاری ہسپتالوں میں آنے والا ہر شہری بہترین علاج اور وقار کا حقدار ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹی ایچ کیو ہسپتالوں میں ان جدید ترین سہولیات کی فراہمی سے نہ صرف بڑے تدریسی ہسپتالوں پر مریضوں کا دباؤ کم ہوگا بلکہ مقامی سطح پر شہریوں کو معیاری علاج میسر آنے سے ان کے سفری اخراجات اور وقت کی بھی بچت ہوگی جو کہ حکومت پنجاب کے ریلیف ایجنڈے کا اہم حصہ ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ اسکریننگ کیمپ سے بیماریوں کی قبل از وقت تشخیص اب ہر صورت ممکن بنائی جا رہی ہے اور ضلعی انتظامیہ تمام سرکاری طبی مراکز کی مانیٹرنگ کا عمل خود جاری رکھے ہوئے ہے تاکہ وزیراعلیٰ پنجاب کے صحت کے شعبے میں انقلابی اصلاحات کے ثمرات براہِ راست عام آدمی تک پہنچ سکیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ شہریوں کی صحت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور غفلت برتنے والے عملے کے خلاف سخت ترین کارروائی عمل میں لائی جائے گی کیونکہ ہمارا مشن صرف علاج فراہم کرنا نہیں بلکہ ایک بیماریوں سے پاک خوشحال لاہور کی بنیاد رکھنا ہے جہاں ہر فرد کو مفت اور بہترین طبی امداد میسر ہو۔





