وزیر بلدیات ذیشان رفیق کا کیٹل سیل پوائنٹ ایل ڈی اے سٹی لاہور کا دورہ،خریداروں اور بیوپاریوں کیلئے سہولیات کا جائزہ

وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کیٹل سیل پوائنٹ ایل ڈی اے سٹی لاہور کا دورہ کر کے عیدالاضحٰی کے موقع پر قربانی کے جانوروں کے خریداروں اور بیوپاریوں کیلئے سہولیات کا جائزہ لیا۔سیکرٹری بلدیات شکیل احمد اور سی ای او پنجاب کیٹل مارکیٹنگ اینڈ مینجمنٹ کمپنی کیپٹن ریٹائرڈ بلال ہاشم بھی موجود تھے۔ صوبائی وزیر نے سیل پوائنٹ پر آئے شہریوں اور بیوپاریوں سے بات بھی کی جنہوں نے حکومت کی جانب سے تمام سہولتیں مفت ملنے پر اطمینان کا اظہار کیا۔ وزیر بلدیات نے کیٹل مارکیٹنگ کمپنی کو سخت گرمی میں ٹھنڈے پانی کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اس بار بھی وزیراعلی مریم نواز کی ہدایت پر کسی بیوپاری سے کوئی فیس وصول نہیں کی جا رہی۔ انہوں نے خبردار کیا کہ کسی جگہ سے حکومتی فیصلے کی خلاف ورزی کی شکایت آئی تو سخت کارروائی کریں گے۔ وزیر بلدیات نے کہا کہ قربانی کے جانور سڑکوں چوراہوں پر بیچنے پر پابندی ہے۔ حکومت نے یہ پابندی عوام کے وسیع تر مفاد اور صفائی کیلئے لگائی۔ میڈیا سے گفتگو میں ذیشان رفیق نے کہا کہ منڈیوں میں گزشتہ سال سے بہتر انتظامات کئے گئے ہیں۔ وزیراعلی مریم نواز نے آج بھی عید پر بہترین انتظامات کا حکم دیا ہے۔ عید کے لئے ہر تحصیل، شہر اور گائوں کے لئے صفائی کا پلان تشکیل دیا ہے۔

جواب دیں

Back to top button