کمشنر لاہور ڈویژن مریم خان کی زیر صدارت عید الاضحی صفائی آپریشن جائزہ کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈی سی لاہور کیپٹن ر علی اعجاز اور سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی نے صفائی انتظامات بارے بریفنگ دی۔ انہوں نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ عید الاضحی کے موقع پر پورے لاہور ڈویژن میں مکمل ڈیجیٹل نگرانی ہوگی، ڈیجیٹل نگرانی کے لیے میکینیکل وسائل ڈپلائے کردئے گئے ہیں. لاہور میں 15 لاکھ اور اضلاع میں 8.5 لاکھ سے زائد ماحول دوست ویسٹ بیگز تقسیم کئے جا رہے ہیں، عوامی شکایات ازالے اور ویسٹ بیگز کی مفت فراہمی کیلئے لاہور میں 300 اور ضلع قصور، ننکانہ اور شیخوپورہ میں 454 کیمپس قائم کئے جا رہے ہیں۔کمشنرلاہورڈویژن مریم خان نے چاروں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور ایل ڈبلیو ایم سی کو ہدایات جاری کیں۔ کمشنر لاہور نے کہا کہ ”صرف لاہور نہیں پوری لاہور ڈویژن ہدف“ ہے، عید قربان صفائی آپریشن کی مانیٹرنگ سینٹرل کنٹرول روم سے کی جائے گی، لاہور میں نگرانی سیف سٹی کیمروں اور ڈرونز سے ہوگی۔ نالوں، نہروں، اوپن پلاٹس، گلی محلوں میں آلائشیں پھینکنے پر سخت کاروائی اور 50ہزار روپے جرمانہ عائد ہوگا، موثر خوکار آپریشنز سمیت تمام ذرائع سے شکایات ازالہ کیلئے فوری ردعمل دیں۔ کمشنر لاہور نے کہا کہ لاہور میں 25ہزار جبکہ ڈویژن میں 37ہزار ورکرز صفائی آپریشن میں حصہ لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عید قربان پر کھالیں جمع کرنے والے درخواست دہندگان میں سے 452 کو این او سی جاری کر دیے گئے ہیں اور 82 کی جانچ جاری ہے۔ لاہور کی 7 سمیت ڈویژن کی 30 مویشی منڈیوں میں خریدوفروخت جاری ہے، 23لاکھ پلاسٹک بیگز کی تقسیم منڈیوں اور مختلف علاقوں میں قائم خصوصی کیمپس سے اور گھروں میں تقسیم کیے جارہے ہیں۔
کمشنر لاہور مریم خان نے شہریوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ عیدالضحی قربانی اللہ کیلئے اور صفائی ایمان کی تکمیل کیلئے ہے، شہریوں سے گزارش ہے کہ گھر گھر آنے والی صفائی ٹیموں سے تعاون کریں جانوروں کی باقیات اور آلائشیں ادھر ادھر پھینکنے کی بجائ صفائی ورکرز کے حوالے کریں۔اجلاس میں ڈی سی لاہور کیپٹن ر علی اعجاز، ایڈیشنل کمشنر راو عبدالجبار، سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی سمیت تمام اضلاع کے ڈپٹی نے شرکت کی۔





