الیکشن کمیشن سیکرٹریٹ گلگت بلتستان نے الیکشن ایکٹ 2017 کی دفعہ 98(1) اور الیکشن رولز 2017 کے قواعد 94 اور 96 کے تحت جنرل انتخابات 2026 کے نتائج کی بنیاد پر گلگت بلتستان اسمبلی کے لیے کامیاب قرار پانے والے امیدواروں کے ناموں کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان راجہ شہباز خان (تمغۂ شجاعت) کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق جنرل نشستوں پر کامیاب قرار دیے گئے اراکین اسمبلی میں جی بی اے-1 گلگت-I سے امجد حسین، جی بی اے-2 گلگت-II سے حفیظ الرحمن، جی بی اے-3 گلگت-III سے سید سہیل عباس، جی بی اے-4 نگر-I سے محمد علی اختر، جی بی اے-5 نگر-II سے ذوالفقار علی مراد، جی بی اے-6 ہنزہ سے نیک نام کریم، جی بی اے-7 سکردو-I سے سید توقیر مہدی، جی بی اے-8 سکردو-II سے محمد کاظم، جی بی اے-10 سکردو-IV سے ناصر علی خان، جی بی اے-11 کھرمنگ سے اقبال حسن، جی بی اے-12 شگر سے عمران ندیم، جی بی اے-13 استور-I سے رانا فرمان علی، جی بی اے-14 استور-II سے رانا محمد فاروق، جی بی اے-16 دیامر-II سے امام ملک، جی بی اے-18 دیامر-IV سے ملک کفایت الرحمٰن، جی بی اے-19 غذر-I سے سید جلال علی شاہ، جی بی اے-20 غذر-II سے عبدالجہان، جی بی اے-21 غذر-III سے امان علی، جی بی اے-22 گانچھے-I سے محمد ابراہیم ثنائی، جی بی اے-23 گانچھے-II سے انور علی اور جی بی اے-24 گانچھے-III سے اسد شفیق شامل ہیں۔نوٹیفکیشن کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز (PPPP) نے جنرل نشستوں پر سب سے زیادہ کامیابیاں حاصل کیں جبکہ پاکستان مسلم لیگ (ن)، مجلس وحدت مسلمین (MWM)، انڈیپنڈنٹ امیدواروں اور استحکام پاکستان پارٹی (IPP) کے امیدوار بھی اسمبلی میں منتخب ہوئے ہیں۔الیکشن کمیشن نے واضح کیا ہے کہ مذکورہ امیدواروں کی کامیابی کا اعلان جنرل انتخابات 2026 کے سرکاری نتائج اور قانونی تقاضوں کی تکمیل کے بعد کیا گیا ہے، جس کے ساتھ ہی گلگت بلتستان اسمبلی کی عمومی نشستوں پر منتخب اراکین کی فہرست باضابطہ طور پر شائع کر دی گئی ہے۔

واضح رہے کہ جنرل نشستوں پر کامیاب ہو نے والے 21 ممبران کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے جبکہ 3 ممبران کے نتائج سپریم اپیلیٹ کورٹ کے احکامات کی روشنی میں روک دیئے گئے ہیں۔





