وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کے خصوصی احکامات پر کمشنر گلگت ڈویژن کا بجلی بحران کا سخت نوٹس

وزیراعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین ایڈوکیٹ کی خصوصی ہدایات اور چیف سیکریٹری گلگت بلتستان کی ہدایت پر کمشنر گلگت ڈویژن توقیر حیدر کاظمی نے گلگت شہر اور مضافاتی علاقوں میں جاری لوڈشیڈنگ اور بجلی کی فراہمی میں تعطل کا سخت نوٹس لیتے ہوئے واٹر اینڈ پاور ڈیپارٹمنٹ کا اعلیٰ سطحی اجلاس طلب کیا۔اجلاس میں چیف انجینئر واٹر اینڈ پاور، متعلقہ ایکسینز، ڈپٹی کمشنر گلگت اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ چیف انجینئر نے کمشنر گلگت ڈویژن کو بجلی گھروں کی موجودہ صورتحال، تکنیکی خرابیوں، مرمتی کاموں اور لوڈ مینجمنٹ کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔کمشنر گلگت ڈویژن نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو بلا تعطل اور منصفانہ بنیادوں پر بجلی کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت، کوتاہی یا امتیازی سلوک ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا کر بجلی کی صورتحال میں فوری بہتری لائی جائے۔اجلاس میں درج ذیل اہم فیصلے اور ہنگامی اقدامات کیے گئے:1. گلگت ڈویژن میں واٹر اینڈ پاور ڈیپارٹمنٹ کے تمام افسران اور عملے کی چھٹیاں فوری طور پر منسوخ کر دی گئی ہیں اور چیف انجینئر کی جانب سے ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے تاکہ تمام افرادی قوت بجلی کی بحالی اور مرمتی کاموں پر توجہ مرکوز رکھے۔2. عوامی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے شام 6 بجے سے رات 10 بجے تک کے پیک آورز کے دوران صنعتی یونٹس کو فراہم کی جانے والی بجلی عارضی طور پر بند رکھی جائے گی تاکہ گھریلو صارفین کو زیادہ سے زیادہ بجلی فراہم کی جا سکے۔3. واٹر اینڈ پاور ڈیپارٹمنٹ کو ہدایت کی گئی ہے کہ شکایتی مراکز میں عملے کی ہمہ وقت موجودگی یقینی بنائی جائے اور صارفین کی شکایات پر فوری اور مؤثر ردعمل دیا جائے۔4. تمام علاقوں میں بجلی کی منصفانہ اور یکساں تقسیم یقینی بنائی جائے گی۔ ضلعی انتظامیہ کے مجسٹریٹس لوڈ مینجمنٹ کی نگرانی کریں گے۔ اگر کسی افسر یا اہلکار کے خلاف جانبداری، امتیازی سلوک یا کسی مخصوص علاقے کو غیرقانونی طور پر ترجیح دینے کی شکایت ثابت ہوئی تو اس کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔5. بگروٹ پاور ہاؤس، کارگاہ پاور ہاؤس اور سئی جگلوٹ پاور ہاؤس کو ہنگامی بنیادوں پر فعال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ متعلقہ حکام کو ہدایت دی گئی ہے کہ تینوں پاور ہاؤسز کو آئندہ دس روز کے اندر مکمل طور پر فعال کیا جائے۔ چیف انجینئر روزانہ کی بنیاد پر پیش رفت رپورٹ کمشنر گلگت ڈویژن کو پیش کریں گے۔کمشنر گلگت ڈویژن نے کہا کہ حکومت عوام کو درپیش مشکلات سے پوری طرح آگاہ ہے اور بجلی کے بحران کے خاتمے کے لیے تمام متعلقہ ادارے متحرک ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اس مشکل وقت میں تعاون کریں اور اگر کسی علاقے میں بجلی کی تقسیم کے حوالے سے ناانصافی، امتیازی سلوک یا غیرمنصفانہ لوڈشیڈنگ کا مشاہدہ ہو تو فوری طور پر کمشنر آفس کو آگاہ کریں تاکہ بروقت کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔کمشنر گلگت ڈویژن نے واضح کیا کہ عوامی مفاد کے خلاف کسی بھی قسم کی غفلت یا لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی اور بجلی کی صورتحال میں بہتری کے لیے تمام ممکنہ اقدامات جاری رہیں گے۔

جواب دیں

Back to top button