وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا ہے کہ وزیراعلٰی مریم نواز شریف کے سوہنا پنجاب پروگرام تحت 9 دیہات کو مثالی بنانے کا کام مکمل کر لیا گیا ہے جبکہ 40 مثالی گاؤں بنانے کا ہدف انشااللہ ماہ رواں جولائی میں حاصل کر لیا جائے گا۔ وہ سول سیکرٹریٹ میں ہونے والے مثالی گاؤں کے ایک جائزہ اجلاس کی بذریعہ ویڈیو لنک صدارت کر رہے تھے۔
سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد میاں، سپیشل سیکرٹریز شاہد زمان لک اور ارشد بیگ نے بھی شرکت کی۔ پنجاب رورل میونسپل سروسز کمپنی (پی آر ایم ایس سی) کے سی ای او خرم پرویز نے صوبائی وزیر کو اب تک کی پیشرفت پر بریفنگ دی۔وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا کہ وزیراعلی مریم نواز کے ویژن کے مطابق پنجاب کے 485 دیہات میں ترقیاتی کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ جن 9 دیہات میں کام مکمل ہوچکا ہے ان میں چک 70 ای بی پاکپتن، چک 99 لودھراں، غنیئے کے گائوں قصور، چک 81 ڈبلیو بی وہاڑی، پنڈی امولک نارووال، دری چاچڑاں رحیم یار خان شامل ہیں۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ گائوں ریکھڑا اور ویلیج کونسل نمبر 2 ڈی جی خان جبکہ گائوں بلارکے شیخوپورہ میں بھی سکیمیں مکمل ہوگئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی آر ایم ایس سی کی زیرنگرانی 124 دیہات میں تیزرفتاری سے کام جاری ہے۔ نئے مالی سال کے بجٹ میں مزید فنڈز ملنے سے طے شدہ اہداف کے حصول میں آسانی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلی مریم نواز شریف اگلے مرحلے میں مزید دیہات کو مثالی بنانا چاہتی ہیں۔ ہر مثالی گائوں میں گلیاں پختہ ہوں گی اور سیوریج سسٹم بنایا جائے گا۔ وزیر بلدیات نے کہا کہ سٹریٹ لائٹس کی تنصیب اور پارک کی تعمیر بھی پروگرام کا حصہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ اضلاع میں ڈسٹرکٹ آفیسرز (آئی اینڈ ایس) کو کوآرڈینیٹر بنانے سے مانیٹرنگ میں بہتری آئی ہے۔






