میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے بلدیہ عظمیٰ کراچی کے مختلف محکموں کی استعدادِ کار میں اضافے اور بلدیاتی خدمات کو مزید مؤثر بنانے کے لیے خریدی گئی نئی ہیوی وہیکلز متعلقہ محکموں کے حوالے کر دیں۔ میونسپل کمشنر کے ایم سی ابرار جعفر، مشیر مالیات گلزار علی ابڑو، کے ایم سی کے افسران اور دیگر بھی موجود تھے،اس موقع پر دو آرکیو لیفٹڈ بوم وہیکلز محکمہ الیکٹریکل اینڈ مکینیکل جبکہ ایک ٹرک محکمہ انسدادِ تجاوزات کے حوالے کیا گیا، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ شہری نظم و نسق کو مزید مؤثر بنانے اور بلدیاتی خدمات کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے جدید مشینری اور ہیوی وہیکلز کی فراہمی ناگزیر ہے۔ نئی گاڑیوں کی شمولیت سے مختلف محکموں کی فیلڈ آپریشنز کی استعداد میں اضافہ ہوگا اور عوام کو بہتر، تیز رفتار اور معیاری بلدیاتی خدمات فراہم کی جا سکیں گی۔انہوں نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی اپنے وسائل اور ترقیاتی بجٹ کو مؤثر انداز میں استعمال کرتے ہوئے شہری سہولیات کی بہتری کے لیے مسلسل اقدامات کر رہی ہے۔ مثبت مالی حکمتِ عملی کے نتیجے میں ادارے کے ریونیو میں اضافہ ہوا ہے
جس سے دستیاب وسائل کو عوامی فلاح اور شہری مسائل کے حل پر خرچ کیا جا رہا ہے، انہوں نے کہا کہ ادارے کی خود انحصاری اور وسائل کے بہتر استعمال کے ذریعے مختلف شعبوں کی کارکردگی میں نمایاں بہتری لائی جارہی ہے،میئر کراچی نے کہا کہ نئی ہیوی وہیکلز نہ صرف الیکٹریکل اینڈ مکینیکل ڈپارٹمنٹ کی فنی سرگرمیوں میں معاون ثابت ہوں گی بلکہ محکمہ انسدادِ تجاوزات کی کارروائیوں کو بھی مزید مؤثر، منظم اور تیز رفتار بنانے میں اہم کردار ادا کریں گی، انہوں نے کہا کہ جدید مشینری کی فراہمی سے کے ایم سی کے مختلف محکموں کی مجموعی کارکردگی میں مزید بہتری آئے گی اور شہریوں کو بہتر بلدیاتی سہولیات فراہم کرنے کے ادارے کے عزم کو مزید تقویت ملے گی۔






