عوام کو ارزاں نرخوں پر اشیائے خورونوش کی فراہمی وزیر اعلیٰ پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔ اس سلسلے میں پرائس کنٹرول کونسل کا دوسرا اہم اجلاس صوبائی وزیر زراعت عاشق حسین کرمانی اور معاون خصوصی برائے فوڈ سیفٹی اینڈ کنزیومر پروٹیکشن سلمیٰ بٹ کی مشترکہ صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں چیئرمین پامرا ملک احمد سعید خان، ایم پی اے فرزانہ عباس، ڈی جی انفورسمنٹ (پرائس) عمران قریشی، ڈی جی پامرا ذیشان نصر اللہ رانجھا اور ڈی جی لائیو اسٹاک ڈاکٹر سجاد سمیت دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔اس موقع پر معاون خصوصی وزیراعلی پنجاب برائے فوڈ سیفٹی سلمی بٹ نے بتایاکہ پنجاب میں سبزیوں، پھلوں، گرینز، گوشت اور دودھ کی قیمتوں کے تعیین کے لیے جدید میکنزم تیار کر لیا گیا ہے اور اشیاء خورونوش کی مقرر کردہ نرخوں پر فراہمی یقینی بنانے اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کے لیے
جعلی انسپیکشنز انٹریز کی روک تھام کے لیے سخت اقدامات نافذ کر دیے گئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ’قیمت ایپ’ میں جدید تبدیلیاں کی گئی ہیں، جس کے تحت اب دکانوں اور گروسری سٹورزکے معائنے کے وقت مجسٹریٹس کے لیے لائیو لوکیشن (جیو ٹیگنگ) اور سیلفی اپلوڈ کرنا لازمی ہوگا اس کے ساتھ ساتھ رات 10 بجے سے صبح 5 بجے تک پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی انسپیکشن پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔اجلاس میں صوبہ بھر کے 1635 پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ بھی لیا گیا۔ 2023ء سے اگست 2026ء تک پنجاب بھر میں لاکھوں انسپیکشنز کی گئیں۔ گرانفروشی اور ریٹ لسٹ نہ لگانے پر کروڑوں روپے کے جرمانے، ہزاروں گرفتاریاں عمل میں لائی گئی اور متعدد دکانیں سیل کی گئیں۔سلمی بٹ نے بتایا کہ نان، روٹی اور چکن کی قیمتوں اور گرانفروشی پر سخت چیکنگ جاری ہے ، قانون شکنی پر فوری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ سیکورٹیز اینڈ پرائس کنٹرول قانون میں ترمیم کے تحت اپیل کمیٹی ک تشکیلِ نو کی تجویز زیرِ غور ہے جب کہ اشیاء ضروریہ کی قیمتوں پر اپیل کے لیے 15 دنوں کا وقت مقرر کیا گیا ہے۔معاون خصوصی وزیراعلی پنجاب برائے فوڈ سیفٹی اینڈ کنزیومر پروٹیکشن نے مزید کہا کہ ماضی کی نسبت ٹماٹر اور آلو کی قیمتوں میں ریکارڈ کمی دیکھی گئی ہےاور گزشتہ 6 ماہ کے دوران چینی، آٹا، گھی، مرغی اور دالوں کی قیمتیں مستحکم رہی ہیں جب کہ پنجاب میں پیاز کے آف سیزن کے باعث قیمت میں معمولی اضافہ ہوا ہے، تاہم بلوچستان سے 64 فیصد سپلائی کا سلسلہ جاری ہے۔





