جشن میلادالنبی ﷺ کے حوالے سے خصوصی اقدامات کئے ہیں،کرم اللہ وقاصی ترجمان میئر کراچی

ترجمان میئر کراچی اور بلدیہ عظمیٰ کراچی میں پاکستان پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر کرم اللہ وقاصی نے کہا ہے کہ عیدمیلادالنبی ﷺ کے بابرکت موقع پر کراچی میں بلدیاتی انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے، شہر بھر میں جشن میلادالنبی ﷺ کے جلوسوں کے راستوں پر صفائی ستھرائی، روشنی، پیور بلاک اور دیگر ضروری شہری سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں۔ترجمان میئر کراچی کرم اللہ وقاصی نے کہا کہ نبی کریم حضرت محمد مصطفی ﷺ کی ولادت باسعادت پوری امت مسلمہ کے لیے عظیم خوشی اور عقیدت کا موقع ہے، اس لیے بلدیہ عظمیٰ کراچی نے اس مقدس دن کے حوالے سے شہریوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کے لیے جامع انتظامات کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جلوسوں کے روٹس پر صفائی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں جبکہ جہاں ضرورت تھی وہاں پیور بلاک کی تنصیب اور مرمت کا کام بھی انجام دیا گیا ہے تاکہ عاشقانِ رسول ﷺ کو آمدورفت میں دشواری کا سامنا نہ ہو۔پارلیمانی لیڈر بلدیہ عظمیٰ کراچی کرم اللہ وقاصی نے کہا کہ جلوسوں کے اہم راستوں، مرکزی شاہراہوں اور اطراف کے علاقوں میں روشنی کے مناسب انتظامات کیے گئے ہیں۔ متعلقہ بلدیاتی عملے کو ہدایت کی گئی ہے کہ جلوسوں کے گزرنے والے راستوں پر صفائی کا عمل مسلسل جاری رکھا جائے، کچرے کی بروقت منتقلی یقینی بنائی جائے اور شہری سہولیات کی فراہمی میں کسی قسم کی غفلت نہ برتی جائے۔انہوں نے کہا کہ میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کی ہدایت پر بلدیہ عظمیٰ کراچی کے متعلقہ محکمے عیدمیلادالنبی ﷺ کے حوالے سے اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں اور مذہبی اجتماعات اور جلوسوں کے مقامات پر بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کو ترجیح دی جارہی ہے۔ ہماری کوشش ہے کہ شہریوں کو عقیدت و احترام کے اس موقع پر صاف ستھرا، روشن اور بہتر ماحول فراہم کیا جائے۔ترجمان میئر کراچی کرم اللہ وقاصی نے کہا کہ شہدائے میلادالنبی ﷺ کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی اور ان کی یادگار کا قیام ان عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کی ایک اہم کاوش ہے۔ انہوں نے کہا کہ میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے جشن عیدمیلادالنبی ﷺ کے حوالے سے تیاریوں میں اپنا اہم کردار ادا کیااور شہدائے جشن عیدمیلادالنبی ﷺ وزیربلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ اور میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے رات گئے نشتر پارک کے شہداء کی ”یادگار شہدا ء“کی نقاب کشائی کی تقریب میں شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ عیدمیلادالنبی ﷺ کا پیغام محبت، اخوت، امن، رواداری اور انسانیت کی خدمت کا پیغام ہے اور ہمیں نبی کریم ﷺ کی تعلیمات پر عمل کرتے ہوئے معاشرے میں بھائی چارے اور باہمی احترام کو فروغ دینا چاہیے۔انہوں نے مزید کہا کہ کراچی میں جشنِ آزادی کے سلسلے میں سلام کراچی فیسٹیول پندرہ روز تک جاری رہے گا جس میں یومِ آزادی اور یومِ دفاع کو بھرپور انداز میں منایا جائے گا۔ فیسٹیول کے دوران براہِ راست موسیقی کے پروگرام، شاندار بازار، کھانوں کے میلے، ریلیاں، سیمینارز اور مختلف ثقافتی و تفریحی سرگرمیوں کا انعقاد کیا جائے گا۔ترجمان میئر کراچی کرم اللہ وقاصی نے کہا کہ آزادی فیسٹیول کا مقصد شہریوں بالخصوص نوجوان نسل کو پاکستان کی آزادی کی جدوجہد، قومی یکجہتی اور ملکی دفاع کے حوالے سے آگاہی فراہم کرنا اور انہیں صحت مند تفریح کے مواقع فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے شہریوں کو جشنِ آزادی کی خوشیوں میں شریک کرنے کے لیے مختلف پروگرام ترتیب دیے گئے ہیں اور بلدیہ عظمیٰ کراچی شہر میں مثبت، تعمیری اور قومی جذبے سے بھرپور سرگرمیوں کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔ترجمان میئر کراچی کرم اللہ وقاصی نے کہا کہ عید میلادالنبی ﷺ اور جشنِ آزادی دونوں مواقع ہمیں اتحاد، محبت، بھائی چارے اور پاکستان سے وفاداری کا درس دیتے ہیں۔ کراچی کے شہریوں سے اپیل ہے کہ وہ مذہبی عقیدت اور قومی جذبے کے ساتھ ان مواقع کو منائیں، صفائی کا خیال رکھیں، شہری نظم و ضبط برقرار رکھیں اور شہر کو خوبصورت اور پرامن رکھنے میں بلدیاتی اداروں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔

جواب دیں

Back to top button