محکمہ خوراک گلگت بلتستان نے عوامی صحت کے تحفظ اور غیر محفوظ و انسانی استعمال کے لیے مضر خوردنی مصنوعات کی خرید و فروخت کی روک تھام کے لیے اہم کارروائی کرتے ہوئے لیبارٹری ٹیسٹ میں انسانی استعمال کے لیے غیر محفوظ قرار دی جانے والی 7 مختلف برانڈز کی بناسپتی گھی مصنوعات کی گلگت بلتستان بھر میں فوری واپسی، ضبطی اور خرید و فروخت پر پابندی عائد کرنے کا ہنگامی حکم جاری کردیا ہے۔محکمہ خوراک کی جانب سے جاری Emergency Prohibition Order گلگت بلتستان فوڈ ایکٹ 2022ء کی متعلقہ دفعات کے تحت جاری کیا گیا ہے۔ حکم کے مطابق محکمہ خوراک کی جانب سے مختلف خوردنی مصنوعات کے حاصل کیے گئے نمونوں کا تجزیہ Drug, Water & Food Testing Laboratory, Gilgit-Baltistan میں کروایا گیا۔ مذکورہ لیبارٹری حکومت گلگت بلتستان کی منظور شدہ/نوٹیفائیڈ لیبارٹری ہے اور ISO 9001:2015 اور ISO 17025:2017 کے تحت ایکریڈیٹیشن رکھتی ہے۔لیبارٹری رپورٹس میں درج نتائج کی بنیاد پر مذکورہ مصنوعات کو “Unsafe for Human Consumption” قرار دیا گیا۔ سکریٹری خوراک گلگت بلتستان کے احکامات کی روشنی میں
فوڈ سیفٹی آفیسر گلگت بلتستان سخاوت حسین کی جانب سے جاری ہنگامی حکم کے تحت ان مصنوعات کو گلگت بلتستان کے تمام بازاروں، دکانوں، گوداموں، اسٹورز، مینوفیکچرنگ یونٹس اور دیگر فوڈ بزنس اسٹیبلشمنٹس سے فوری طور پر واپس لینے اور ضبط کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔حکم نامے میں واضح کیا گیا ہے کہ درج ذیل مصنوعات کی خرید، فروخت، قبضہ، ذخیرہ، فروخت کے لیے پیش کرنا، فراہمی، تقسیم، ترسیل، نقل و حمل یا انسانی استعمال فوری طور پر ممنوع قرار دیا گیا ہے۔
لیبارٹری ٹیسٹ میں غیر محفوظ قرار دی جانے والی مصنوعات:
GEO BANASPATI
SUPER ZAMAN BANASPATI
DAIMOND BANASPATI
USMAN BANSPATI
MAIDAN BANSPATI
ZARSHAN BANSPATI GHEE
ADEEBA BANSPATI
محکمہ خوراک کے مطابق مذکورہ مصنوعات کے حوالے سے لیبارٹری رپورٹس میں انہیں انسانی استعمال کے لیے غیر محفوظ قرار دیا گیا ہے، اس لیے ان کی مارکیٹ میں موجودگی عوامی صحت کے لیے باعثِ تشویش ہوسکتی ہے۔ محکمہ خوراک نے تمام متعلقہ افسران اور فیلڈ اسٹاف کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں مارکیٹوں، دکانوں، گوداموں اور دیگر متعلقہ مقامات پر ان مصنوعات کی موجودگی کی جانچ پڑتال کریں اور حکم نامے پر من و عن عملدرآمد یقینی بنائیں۔محکمہ خوراک نے کاروباری حضرات، ہول سیلرز، ریٹیلرز، ڈیلرز اور دیگر متعلقہ افراد کو سختی سے متنبہ کیا ہے کہ ممنوعہ مصنوعات کو کسی بھی صورت میں فروخت، ذخیرہ یا سپلائی نہ کیا جائے۔ خلاف ورزی کی صورت میں گلگت بلتستان فوڈ ایکٹ 2022ء کے تحت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔محکمہ خوراک گلگت بلتستان نے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ خریداری کے دوران خوردنی مصنوعات کے برانڈ، لیبل، بیچ نمبر، میعاد اور معیار پر خصوصی توجہ دیں اور مذکورہ ممنوعہ مصنوعات کی فروخت یا موجودگی کی صورت میں فوری طور پر محکمہ خوراک کے متعلقہ افسران کو اطلاع دیں۔






