اے جی پی آر سب آفس گلگت کی عمارت کے توسیعی منصوبے کا سنگ بنیاد، کنٹرولر جنرل آف اکاؤنٹس عمر علی خان کی خصوصی شرکت

کنٹرولر جنرل آف اکاونٹس (سی جی اے) پاکستان، عمر علی خان نے گلگت کا دورہ کیا اور اے جی پی آر سب آفس گلگت کی نئی عمارت (بلڈنگ) کی توسیع کا سنگ بنیاد رکھا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ادارے کی بہتری اور عوام کو بہتر خدمات کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے۔ اس موقع پر اکاونٹنٹ جنرل گلگت بلتستان سمیع اللہ خان ، ڈی جی آڈٹ گلگت بلتستان عنایت ملک ، سی ایم اے گلگت غضنفر الیاس اور ڈی اے جی اے جی پی آر علی محمد اسلم سمیت ادارے کے سینئر افسران موجود تھے۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سی جی اے پاکستان عمر علی خان نے کہا کہ اس عمارت کی توسیع کا بنیادی مقصد عوام الناس، بالخصوص اے جی پی آر آنے والے سائلین کو بہتر، سریع اور معیاری خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے اے جی پی آر گلگت کے افسران اور عملے پر زور دیا کہ وہ نئے جذبے، لگن اور عزم کے ساتھ سروس ڈیلیوری کی بہتری کے لیے کام کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ خدمتِ خلق اور عوام کے لیے آسانیاں پیدا کرنا ہم سب کا مشترکہ نصب العین ہونا چاہیے۔کنٹرولر جنرل آف اکاونٹس نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ گلگت بلتستان میں اے جی پی آر کا ادارہ ٹیکنالوجی کے اعتبار سے اہم مقام رکھتا ہے۔ راست اکاونٹس، ایم پی جی (MPG) اور اکاونٹنگ سسٹم میں گلگت بلتستان ریجن فیڈرل اور دیگر صوبوں سے بھی بہتر مقام پر ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ادارہ جاتی بہتری کے لیے انفارمیشن ٹیکنالوجی کا کردار انتہائی اہم ہے، اور اے جی پی آر کی کارکردگی کو مزید نکھارنے کے لیے آرٹی فیشل انٹیلی جنس (AI) کو بھی بروئے کار لایا جائے گا، جس کی مدد سے اکاونٹ منیجمنٹ میں درستگی اور شفافیت کو مزید یقینی بنایا جا سکے گا۔انہوں نے افسران اور عملے کو ہدایت کی کہ وہ ٹیکنالوجی کے بدلتے ہوئے منظر نامے کو مدنظر رکھتے ہوئے جدید علوم، بالخصوص آرٹی فیشل انٹیلی جنس اور انفارمیشن ٹیکنالوجی سیکھنے پر اپنی توجہ مرکوز کریں۔تقریب کے آخر میں، کنٹرولر جنرل آف اکاونٹس نے عمارت کی توسیع کے لیے کوششیں کرنے والے موجودہ اور سابقہ تمام افسران کی خدمات کو بھی بھرپور انداز میں سراہا۔ انہوں نے کہا کہ اچھے افسران ہمیشہ ادارہ سازی کے لیے کام کرتے ہیں اور اداروں کی بہتری کے لیے ڈالی جانے والی مثبت روایات کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔

جواب دیں

Back to top button